ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے بعداڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نوازشریف کو اہل خانہ سے رابطے کیلئے ٹیلیفون کی سہولت مل گئی،نوازشریف ہفتے میں ایک بار 20 منٹ اپنے صاحبزادوں اوردیگرافراد سے بات چیت کرسکیں گے۔
روزنامہ ایکسپریس کے مطابق جیل انتظامیہ نے گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم کو جیل میں دیگر اسیران کیلئے موجودپی سی اوکی سہولت سے آگاہ کیا اورکہاکہ اگر وہ فون پر اہل خانہ سے بات چیت کرنا چاہیں تو انھیں بھی مذکورہ سہولت فراہم کی جاسکتی ہے۔نوازشریف نے ابتدا میں جیل انتظامیہ سے یہی کہاکہ ان کی اہلیہ برطانیہ میں زیرعلاج ہیں اس لیے انھیں وہاں رابطے کیلئے سکائپ یا دیگر ایپلی کیشنزکے ذریعے بات کرنے کی سہولت دی جائے۔
جیل انتظامیہ نے انھیں بتایاکہ صرف جیل کے اندر انسٹال پی سی او کے ذریعے یہ سہولت دی جاسکتی ہے اور اس مقصد کیلئے قیدیوں کو3 فون نمبر پہلے جیل انتظامیہ کوفراہم کرناہوتے ہیں جس پر سابق وزیراعظم نے کچھ دن خاموشی اختیارکیے رکھی۔ اب معلوم ہواہے کہ نوازشریف کی رضامندی کے بعد انھیں ان کے بلاک میں ہی پی سی او کے ذریعے فون کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔نواز شریف کو ہفتے میں20 منٹ تک اپنے اہل خانہ سے بات کرنے کی سہولت میسر ہے۔
اخباری ذرائع کے مطابق سابق دور حکومت میں قیدیوں کو جیل میں ہی پی سی اوکی سہولت دی گئی تھی۔ ٹیلی فون سہولت کا مکمل ریکارڈباقاعدگی سے مرتب کیا جاتا ہے،قیدی اور جس شخص کوکال کی گئی ہواس کی وائس مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔