،نارووال میں تمام مسالک کے مابین ہم آہنگی پائی جاتی ہے امن کمیٹیاں چھوٹے چھوٹے مسائل کو اپنی سطح پر حل کرنے کے لئے فعال کردار ادا کریں تاکہ انتظامیہ و پولیس اہم مسائل کے حل کی جانب اپنی توانائیاں صرف کرنے پر توجہ دے سکے ۔ڈپٹی کمشنر زیشان جاوید اور ڈی پی او کاشف اسلم نے امن کمیٹی اجلاس سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں تمام سرکاری محکمے گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی بہتر انتظامات کریں گے ، شہر کے امن کو برقرار رکھنے میں تمام علماء ہماری معاونت کریں۔اجلاس میں پیر عطاء الحق نقشبندی ،علامہ پیر قاضی محمد یعقوب رضوی ،علامہ حافظ محمد طاہر ضیاء ،علامہ عبدالرزاق رضوی ،حافظ طلعت محمود جماعتی ،علامہ محمد سرور سلہریا(جماعت اہلسنت )مولانا ییحیٰ ،ڈاکٹر طارق اُپل ،مولانا ناصر ،مولانا شکیل احمد (مسلک دیوبند)حافظ عبدالمجید بٹ ،حاجی الیاس بٹ ،مولانا نذیر احمد شبلی ،حافظ عبدالغفار (مسلک اہلحدیث )شیخ ثائر علی ،سید افتخار حسین شاہ ،سید اجمل حسین شاہ (مسلک اہل تشیع)شریک تھے ۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ڈویژنل امیر جماعت اہلسنت گوجرانوالہ و ممبر ڈسٹر کٹ امن کمیٹی علامہ پیر قاضی محمد یعقوب رضوی نے کہا کہ نارووال ہم سب کا گھر ہے کوئی بھی شخص اپنے گھر کا سکون تباہ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا یہ ہم سب کی خوش قسمتی ہے کہ نارووال ضلع فرقہ واریت سے پاک ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں اخوت و محبت اور صبر و تحمل کا درس دیتا ہے ،نواسہ رسولؐ حضرت امام عالیٰ مقام نے میدان کربلا میں اپنا سب کچھ قربان کردیا مگر دین پر کسی بھی قسم کی آنچ نہ آنے دی ۔اجلاس سے خطاب میں دیگر ممبران کا کہنا تھا کہ وہ معمولی اختلافات کو اپنی سطح پر حل کریں گے اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کیا جائے گا اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام مکاتب فکر کے علماء کے خیالات کو سننے کے بعد کہا کہ یہ بات باعث مسرت و فخر ہے کہ ضلع میں امن و امان کے قیام کی خاطر تمام مکاتب فکر کے علماء میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے ان کے مثبت رویے سے ناصرف ان کی اپنی بھلائی ہے بلکے شہر ،صوبے اور ملک و قوم کی بھلائی ہے ۔ڈی پی او کاشف اسلم نے شرکاء اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ماہ محرم الحرام کی حرمت ازل سے قائم ہے یہی وجہ ہے کہ نواسہ رسولؐ حضرت سیدنا امام حسینؓ کی شہادت کی وجہ سے یہ مہینہ اور بھی مقدس ہوجاتا ہے تمام علماء پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ امن و امان قائم رکھنے کے سلسلے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں اور اپنے خطابات میں باہمی وحدت و اخوت کی اہمیت کو اجاگر کریں حضرت امام حسینؓ سے عقیدت کو نکتہ اتحاد و یکجہتی بناتے ہوئے بہترین انداز میں محرم الحرام کے پروگرام منائیں دوسرے مسالک کے مقدسات کی توہین و تکفیر سے اجتناب کریں۔