چین میں انشورنس کمپنی سے پیسے ہڑپنے کےلیے شوہر نے اپنی موت کا ڈرامہ رچایا جب کہ اس کی موت کی جھوٹی خبر سن کر بیوی نے دو بچو ں سمیت خود کشی کر لی۔
پولیس کے مطابق چینی صوبے ہنان میں ایک شخص نے انشورنس کمپنی سے رقم حاصل کرنے کے لیے اپنی موت کی جھوٹی خبر گھڑی لیکن اس کی بیوی یہ خبر سن کر دلبرداشتہ ہوگئی اور دو بچوں سمیت تالاب میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق اس شخص نے بیوی اور بچوں کی خودکشی کے واقعے کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ مذکورہ شخص نے اپنے منصوبے کا ذکر بیوی سے نہیں کیا تھا اس لیے خاتون نے خبر سنتے ہی اس پر یقین کر لیا اور گھر کے نزدیک تالاب میں چھلانگ لگائی جب کہ خاتون نے اس اقدام سے قبل آن لا ئن خود کشی کا نوٹ بھی چھوڑا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ مذکورہ شخص نے رواں سال ستمبر کے شروع میں ایک ملین یوآن کی انشورنس لی تھی جس میں بیوی کو انشورنس کا پیسہ وصول کرنے کے لیے نامزد کیا گیا تھا جب کہ اس نےاپنی موت کا ڈرامہ رچانے کے لیے مانگی ہوئی گاڑی کا استعمال کیا۔