صوبائی وزیر اوقاف پیر سعید الحسن گیلانی کا دین اسلام کے موضوع پر خطاب

نارووال( نمائندہء خصوصی
صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب پیر سید سعید الحسن شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ مساجد و دینی مدارس اسلام کے مضبوط ترین قلعے ہیں جہاں سے امن و محبت اور احترام انسانیت کا درس ملتا ہے ۔اسلام غالب ہونے کے لئے آیا ہے ،دعوت توحید دین اسلام کی اساس ہے نبی کریمﷺ کی رسالت کے بغیر دین مکمل نہیں ہوتا ن،ناموس رسالتﷺ کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے ۔وطن عزیز کو مغربی کلچر سے پاک کرنے کے لئے منبر و محراب مضبوط مورچے ہیں ،دشمنان اسلام مسلمانوں میں تفریق پیدا کرنے کے لئے طرح طرح کے منصوبے بناتے ہیں مگر علماء حق نے ہمیشہ امت کو جوڑنے اور اتحاد امت کے لئے کام کیا ہے ۔آستانہ عالیہ غوثیہ قادریہ کوٹلی باجوہ شریف میں زیرتعمیر مرکزی جامع مسجد انوار قادریہ کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اساس اسلام ہے اور نظریہ اسلام ہی نظریہ پاکستان ہے ،ہمیں وطن عزیز کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانا ہونگے۔اصفیاء نے جو ترویج اسلام کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں وہی پاکستان کے وجود کا باعث بنیں،تصوف انسان کے دل کی صفائی کا نام ہے اور طہارت ہی نصف ایمان ہے ۔اولیاء کاملین نے دلوں کی صفائی ہی کی طرف خاص توجہ دی ،جب انسان کا دل صاف ہوجاتا ہے تو گردونواح کی ہرچیز صاف ہوجاتی ہے ۔اس موقع پر سجادہ نشین پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی ،مرکزی ترجمان مشائخ وعلماء کونسل پیر مظہر حسین اعوان نقشبندی ، چیئرمین صوبہ پنجاب پیر محمد وقاص منور مجددی ،صاحبزادہ دلشاد منیر اویسی ،حافظ محمد زہد قادری ،علی حسن قادری اورمحمد عثمان قادری بھی موجودتھے ۔پیر سید سعید الحسن شاہ نے مزید کہا کہ عشق رسولﷺ ہی بندہ مومن کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے جس کے فروغ کے لئے بزرگان دین کی تعلیمات ناقابل فراموش ہیں ،موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ اولیاء اللہ کی تعلیمات کو عام کیا جائے اور نوجوان نسل کے قلوب و اذہان میں دین کی حقیقی تڑپ و لگن کو پیدا کیا جائے تبھی معاشرے میں انقلاب برپا ہوگا اور اسلام دشمن قوتیں اپنی موت آپ مرجائینگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں