امریکہ اور چین کے بعد اب جنوبی کوریا میں بھی 5جی انٹرنیٹ لانچ ہونے جا رہا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق چین میں تاحال محدود پیمانے پر ہی فائیو جی سروس دی گئی تھی لیکن جنوبی کوریا کل سے وسیع پیمانے پر کمرشل سروس شروع نے جا رہا ہے۔ یہ سروس جنوبی کوریا کے 85مختلف بڑے شہروں میں بیک وقت شروع کی جائے گی جہاں لوگ 4جی سے 20گنا زیادہ تیز 5جی انٹرنیٹ سروس کا لطف اٹھا سکیں گے۔ فائیو جی اس قدر تیز سروس ہے کہ اس پر پوری فلم صرف ایک سیکنڈ میں ڈاﺅن لوڈ ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دنیا میں سب سے پہلے فائیو جی انٹرنیٹ سروس امریکی کمپنی AT&Tنے متعارف کروائی تھی جو دسمبر 2018ءمیں لانچ کی گئی۔ کمپنی اب تک اس سروس کا دائرہ 12امریکی شہروں تک پھیلا چکی ہے۔ تاہم جنوبی کوریا میں یہ سروس 85شہروں کو دی جا رہی ہے چنانچہ جنوبی کوریا کا فائیو جی نیٹ ورک اس وقت پوری دنیا میں سب سے بڑا ہوگا۔ جنوبی کوریا کی جو سیلولر کمپنیاں 5جی کے حقوق خرید چکی ہیں اور کل سے سروس شروع کرنے جا رہی ہے وہ بدھ کے روز سے آج تک اپنی تشہیری مہم پر اربوں ڈالر خرچ کر چکی ہیں۔ ان کمپنیوں میں ایس کے ٹیلی کام بھی شامل ہے۔ ان کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ”ہمیں توقع ہے کہ 2019ءکے آخر تک 10لاکھ سے زائد لوگ فائیو جی انٹرنیٹ استعمال کرنا شروع کر دیں گے۔“