سوشل میڈیا ایک ایسا طاقتور ٹول ہے جس کے ذریعے عام آدمی بھی اپنی بات جہاں چاہے پہنچا سکتا ہے۔ اب اس برطانوی شہری ہی کی مثال لے لیں جسے ایک ٹویٹ نے امریکہ کی معروف الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا میں ملازمت دلوا دی ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق اس شخص کانام ایڈم کوسزری ہے جو برطانیہ کی یونیورسٹی آف ریڈنگ کے زیرانتظام ’دی میوزیم آف انگلش رورل لائف‘ میں پروگرام منیجر کے طور پر ملازمت کرتا تھا۔
ایڈم نے رواں سال اپریل میں ایک میم ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی جس میں اس نے ٹیسلا کے مالک ایلن مسک کو بھی ٹیگ کیا۔ اس میم میں ایک بھیڑ کی تصویر ہوتی ہے جس کے سینگ معمول سے کافی بڑے ہوتے ہیں۔ ٹویٹ میں وہ لکھتا ہے کہ ”ایک دن کے لیے ایلن مسک کیسے بناجا سکتا ہے؟ یہ بات ایڈم کوسزری کے ذہن میں آئی جو ’دی میوزیم آف انگلش رورل لائف‘ چھوڑ کر رائل اکیڈمی جا رہے ہیں۔“
یہ ٹویٹ بہت مقبول ہوئی اور ایلن مسک بھی چونکہ اس میں ٹیگ تھے چنانچہ انہوں نے بھی دیکھی اور یہ میم اور اس کے ساتھ ٹویٹ کا ٹیکسٹ انہیں اس قدر پسند آیا کہ انہوں نے ایڈم کو ٹیسلا کے سوشل میڈیا منیجر کی ملازمت کی پیشکش کر دی۔ گزشتہ روز ایڈم نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے بتایا کہ ”میرے پاس ایک اور خبر ہے۔ اب میں رائل اکیڈمی نہیں جا رہا بلکہ میں جولائی سے ٹیسلا میں سوشل میڈیا منیجر بننے جا رہا ہوں۔“