’جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے‘ کی کہاوت تو آپ نے سن رکھی ہو گی۔ اس 19ماہ کی بچی کی کہانی سن کر آپ کہیں گے کہ یہ کہاوت بنی ہی شاید اس کے لیے تھی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق لین محمود فارگلے نامی یہ بچی مصر سے اپنے والدین کے ہمراہ متحدہ عرب امارات آئی تھی جہاں وہ راس الخیمہ کے علاقے میں ایک کثیرالمنزلہ عمارت کی 10منزل پر رہتے تھے۔ گزشتہ دنوں لین اپنے اپارٹمنٹ کی بالکونی میں کھیل رہی تھی کہ وہاں سے نیچے گر گئی اور سیدھی زمین پر آ رہی۔
لین اتنی بلندی سے گرنے کے باوجود معجزانہ طور پرجان سے بچ گئی تاہم اسے شدید چوٹیں آئیں۔ اسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے وینٹی لیٹر پر ڈال دیا۔ اب ہسپتال سے خبر آئی ہے کہ لین کی صحت تیزی کے ساتھ بہتر ہو رہی ہے اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں لین بہت حد تک صحت مند ہو جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق لین کے عمارت سے گرنے کا واقعہ سوشل میڈیا پر شیئر ہوا تو لوگوں نے بچی کی زندگی کے لیے بہت دعائیں کیں۔ اب لین کے والد ٹوئٹر پر لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”میری بچی اللہ کے فضل سے تیزی سے صحت مند ہو رہی ہے۔ آپ تمام لوگوں کی بے لوث دعاﺅں اور سپورٹ کا بہت شکریہ۔“