ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف اپنے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے جنگ کو ہوا دے رہے ہیں، انہوں نے اپنی فوج کو نکما کردیا ہے، آج تک ان کے کیریئر میں کوئی کامیابی نہیں ہے، انہوں نے اپنی فوجی اخلاقیات کو داﺅ پر لگا کر خود کیلئے چیف آف ڈیفنس سٹاف کے عہدے کی راہ ہموار کی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی آرمی چیف الیکشن اور سیاسی مفادات کی خاطر بار بار اپنے غیر ذمہ دارانہ بیانات کے ذریعے جنگ کو ہوا دے کر خطے کے امن کو داﺅ پر لگا رہے ہیں۔جھوٹے سرجیکل سٹرائیک کے علاوہ ان کی آج تک کی کامیابی یہ ہے کہ انہوں نے بھارتی فوج کو نکما بنادیا ہے اور ہر روز ان کے فوجی مر رہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے بیانات کی حقیقت یہ ہے کہ ان کے ہاتھ معصوموں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور ان کے فوجی پاکستانی مسلح افواج کے ہاتھوں نقصان اٹھا رہے ہیں۔ نام نہاد تکنیکی خرابیوں کے ذریعے ان کے ہیلی کاپٹرزخود ہی تباہ ہورہے ہیں جس کے باعث بپن راوت چیف آف ڈیفنس سٹاف بننے کی تیاریاں کر رہے ہیں اور اس کیلئے انہوں نے اپنے پروفیشنل فوجی اخلاقیات کو داﺅ پر لگایا ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے 15 اگست کو دہلی کے لال قلعہ میں تقریر کے دوران جنرل بپن راوت کو چیف آف ڈیفنس سٹاف بنانے کا اعلان کیا تھا۔ اس عہدے کے ذریعے جنرل راوت بھارت کی تینوں مسلح افواج کے سربراہ بن جائیں گے۔