اسلام آباد کے پمزہسپتال میں کورونا وائرس کا مشتبہ کیس آگیا

اسلام آباد کے پمزہسپتال میں کورونا وائرس کا مشتبہ کیس آگیا

اسلام آباد کے پمزہسپتال میں کورونا وائرس کا مشتبہ کیس آگیا،وائرس سے متاثرہ مشتبہ نوجوان ووہان کی یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہے،نوجوان کوہسپتال کے ایچ آئی وی کرٹسی سینٹر منتقل کردیاگیا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی تعداد 5 ہوگئی،3 سروسز ہسپتال لاہور جبکہ 2 نشتر ہسپتال ملتان میں زیر علاج ہیں۔ذرائع کے مطابق نشتر ہسپتال میں داخل دو مریضوں میں سے ایک مریض پاکستانی شہری ہے، سروسز ہسپتال میں داخل تینوں مریضوں کا تعلق چینی شہر ووہان سے ہے۔ ذرائع این آئی ایچ تمام مریضوں کے سیمپل ہانک کانگ لیبارٹری کو بھجوا دئیے گئے ہیں، 24 سے 48 گھنٹوں میں رپورٹس آنے کے بعد ہی علاج کا آغاز کیا جاسکے گا، تمام مشکوک مریضوں کو آئیسولیشن اور انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔

ادھر لاہور کے سروسز ہسپتال کی انتظامیہ نے کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز کو مکمل حفاظتی لباس پہنا دئیے گئے ہیں۔ حفاظتی لباس میں ماسک، گلوز اور گوگلز بھی شامل ہیں۔ سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی میں کرونا وائرس کاؤنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ ایم ایس ڈاکٹر سلیم چیمہ کا کہنا تھا کہ حفاظتی لباس مہیا کرنے کا مقصد ڈاکٹرز و دیگر عملے کو مہلک وائرس سے بچانا ہے۔

واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 80 ہو گئی ہے جبکہ تین ہزار افراد متاثر ہیں۔چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے خطرناک وائرس سے ہلاکتوں میں اضافہ جاری ہے، صرف صوبہ ہبئی میں 76 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جہاں پانچ لاکھ میڈیکل سٹاف ڈیوٹی پر مصروف ہیں۔

چین نے وبا کو روکنے کےلئے عام تعطیل میں بھی توسیع کر دی، ادھر امریکا میں کورونا وائرس کے 5 مریضوں کی تصدیق ہو گئی ہے جن کا تعلق کیلی فورنیا، ایری زونا، الی نوائے اور واشنگٹن سے ہے، حکام کے مطابق 100 کے قریب مشتبہ مریضوں کی سکریننگ کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں