سٹاک ہوم (عارف کسانہ/ نمائندہ خصوصی)۔ فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں نبی اکرم ﷺ سے وفا اور محبت کے اظہار کے لئے ایک پرامن ریلی نکالی گئی۔ اس میں ریلی میں کثیر تعدا دمیں لوگوں نے شرکت کی اور محبت رسولؐ کا اظہار کیا۔ریلی کا اہتمام مدینہ مسجدہیلسنکی کی انتظامیہ نے کیا تھا۔ ریلی میں دیگر مذاہب کے لوگ بھی شریک تھے اور وہ مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے تھے۔ شرکاء ریلی نبی پاک صلی اللہ علیہ و آ لہ و سلم پر درود سلام اور کلمہ حق پڑھتے ہوئے لوگوں کو سلامتی اور امن کا پیغام دے رہے تھے۔ پروگرام میں شامل شرکاء نے مختلف پوسٹرز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر نبی کریم صلی اللہ علیہ و آ لہ و سلم سے اظہار محبت کا ذکر اور آزادی رائے کے نام پر فرانس کے صدر کی بھرپور مذمت کے نعرے لکھے ہوئے تھے۔ریلی ہیلسنکی فن لینڈ کے مرکزی ریلوے اسٹیشن سے شروع ہوئی اور شہر کے مرکز میں مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی سفید گرجا گھرکے سامنے ایک بھرپور جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی۔ شرکاء جلوس سے مدینہ مسجد ہیلسنکی کے خطیب حافظ مظہر اقبال نعیمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کی اولین شرط ہے کیونکہ قرآن حکیم میں حکم ہے کہ اے پیغمبرمسلمانوں سے کہہ دو کہ اگر تمہارے باپ، تمہارے بیٹے، تمہارے بھائی، تمہاری بیویاں اور تمہارا خاندان اور وہ مال و دولت جو تم نے کمایا ہے اور وہ کارو بار جس کے نقصان ہونے کا تمہیں اندیشہ ہے اور وہ رہائشی مکان جو تمہیں پسند ہیں، تمھیں اللہ تعالی اور اس کے رسول سے اور اس کے راستے میں جہاد کرنے سے زیادہ محبوب ہیں تو انتظار کرو، یہاں تک کہ اللہ تعالی اپنا فیصلہ صادر فرما دے، اور اللہ تعالی نافرمان لوگوں کو منزل تک نہیں پہنچاتا۔ انہوں حدیث نبوی کا حوالہ دیتے کہا کہ آپ ؐ کا فرمان ہے کہ تم میں سے اس وقت تک کوئی مومن نہیں ہوسکتا جب تک کہ میں اسے اس کے والدین، اس کی اولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ عزیز نہ ہو جاوں۔ حافظ مظہر اقبال نعیمی نے کہا ہم یہی بات فن لینڈ اور یورپ کے لوگوں کو بتانا چاہتے ہیں اور ریلی کا یہی مقصد ہے۔ اس موقع پر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ ذون کے صدر تنویر چوہدری نے کہا کہ ہم نے اپنے آقا جناب محمد رسول اللہ سے اظہار محبت اور وفا کے لیے ایک پرامن ریلی کا انعقاد کیا ہے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ملک ندیم بٹ، شیخ طارق جمیل، ماسٹر محمد عارف، ڈاکٹر ندیم اصغر اور دیگر نے کہا کہ ہم اپنے آقا سے اظہار محبت کرتے ہیں اور مذہب دنیا سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ آزادی رائے کو مذہبی شعار اور انبیاء اکرام کی توہین کو ذریعہ نہیں بنایا جائے گا۔ہر وہ فعل قابل مذمت ہے جس سے بنی رحمت ؐ کی کسی طرح سے بھی توہین کی جائے۔ بعد ازاں ریلی کے شرکاء پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔