پاک فوج کے ترجمان (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کی ایک طے شدہ پوزیشن ہے جس کو پاک فوج کی مکمل حمایت حاصل ہے، اس حوالے سے غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیے۔
مقامی اخبار روزنامہ جنگ کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اسرائیل اور فلسطین کے تنازع پر ملکی بیانئے کی مکمل حامی ہیں۔ اس معاملے میں حکومت پاکستان کی طے شدہ پوزیشن ہے جس کو مسلح افواج کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ اس موضوع پر غیر ضروری قیاس آئیوں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ اتوار کو پاکستان میں اسرائیل کے حوالے سے بحث اس وقت بڑھی جب یہ خبریں سامنے آئیں کہ اسرائیلی وزیر اعظم نے سعودی شہر نیوم میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے خفیہ ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کی خبریں سامنے آنے کے بعد سے پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بحث چھڑ گئی تھی۔
دوسری جانب وزیر اعظم کے ایک معاون نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ فوج کے اعلیٰ حکام تو یہاں تک کہتے ہیں کہ عرب ممالک جیسے سعودی عرب بھی اسرائیل کو تسلیم کر لے لیکن پاکستان اسے تسلیم نہیں کرے گا۔