کورونا وائرس کی ویکسین بنانے والی کمپنیاں اس سے کتنی رقم کمائیں گی؟ اس حوالے سے وال سٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں تجزیہ کاروں نے حیران کن اندازہ بیان کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فائزر اور ماڈرنا دونوں کمپنیاں کورونا وائرس کی ویکسین کی فروخت سے صرف 2021ءمیں 32ارب ڈالر (تقریباً 51کھرب 24ارب روپے) کمائیں گی۔ ان کے برعکس جانسن اینڈ جانسن اور ایسٹرازینیکا نے اپنی ویکسین بغیر کسی منافع کے تقسیم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فائزر کی ویکسین جمعرات کے روز ایف ڈی اے پینل کی طرف سے منظور کی گئی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فائزر اپنی اس ویکسین سے رواں سال کے باقی ان چند دنوں میں 97کروڑ 50ہزار ڈالر اور 2021ءمیں 19ارب ڈالر کمائے گی۔ جبکہ ماڈرنا اپنی ویکسین کے ذریعے آئندہ سال کے دوران 13ارب 20کروڑ ڈالر کمائے گی۔ رپورٹ کے مطابق ماڈرنا ایک چھوٹی اور غیرمعروف کمپنی تھی جس کی گزشتہ سال تمام سیلز صرف 6کروڑ ڈالر رہی تھیں تاہم کورونا ویکسین تیار کرنے کے بعد سے اس کمپنی کا نام پوری دنیا میں گونج رہا ہے اور اس کی آمدنی اربوں ڈالر میں پہنچنے کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ جانسن اینڈ جانسن اور ایسٹرا زینیکا کی ویکسینز ٹرائیل فیز میں ہیں اور ان کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ان کی ویکسینز منظوری کے بعد بغیر منافع کے تقسیم کی جائیں گی۔