جمہوریہ کانگو میں تعینات یورپی ملک اٹلی کے سفیر لوکا اتاناسیو قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگئے۔ ان پر کیے گئے حملے کی نوعیت ابھی تک واضح نہیں ہو سکی ہے۔ اطالوی سفیر کے ساتھ اٹلی کا ایک فوجی بھی اس حملے میں ہلاک ہوا ہے۔
اٹلی کی وزارت خارجہ کی جانب سے سفیر برائے جمہوریہ کانگو کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ اطالوی سفیر کی کار اقوام متحدہ کے امن مشن کے ایک قافلے کا حصہ تھی جس میں یورپی یونین کے وفد کے سربراہ بھی شامل تھے ۔
دوسری جانب ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں ان کا ایک ڈرائیور بھی ہلاک ہوا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران کسی ملک میں تعینات سفارتکار کی ہلاکت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 16 دسمبر 2016 کو ترکی میں ایک نمائش کے دوران روس کے سفیر آندرے کارلوف کو قتل کردیا گیا تھا۔