والدین اپنے بچوں کو حتی الامکان ویڈیو گیمز سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم اس 8سالہ امریکی بچے کے متعلق جان کر ہر ماں باپ خواہش کرے گا کہ اس کا بچہ بھی ویڈیو گیمر بن جائے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس بچے کا نام جوزف ڈین ہے جو معروف گیم ’فورٹ نائٹ‘ کا کم عمر ترین کھلاڑی ہے جو پیسوں کے عوض یہ گیم کھیلتا ہے۔ اسے دسمبر 2020ءمیں معروف ای سپورٹس ٹیم ’ٹیم 33‘ کی طرف سے اپنا حصہ بنایا گیا ہے اور اسے 33ہزار ڈالر(تقریباً 52لاکھ روپے) سائننگ بونس دیا گیا ہے۔
کیلیفورنیا کا رہائشی جوزف ڈین 4سال کی عمر سے فورٹ نائٹ گیم کھیل رہا ہے اور اب تک وہ اس میں کمال مہارت حاصل کر چکا ہے۔ اس گیم کے معروف کھلاڑیوں نے جوزف کے ساتھ میچ کھیلے اور ’ٹیم 33‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر گیلاگیر کو تجویز کیا کہ وہ جوزف کو سائن کر لے۔ جوزف کی والدہ نے بتایا ہے کہ وہ روزانہ سکول کے بعد جوزف کو دو سے تین گھنٹے فورٹ نائٹ کھیلنے کی اجازت دیتی ہے۔ ہفتہ وار چھٹیوں میں اسے طویل وقت کے لیے گیم کھیلنے کی اجازت ہوتی ہے۔