بعض لوگوں کو نیند بہت دیر سے آتی ہے اور وہ بستر پر پڑے کروٹیں بدلتے رہتے ہیں۔ اب ایک ماہر نے سانس لینے کے دو ایسے طریقے بتا دیئے ہیں جن کے ذریعے نیند کا حصول آسان بنایا جا سکتا ہے۔ ڈیلی سٹار سے گفتگو کرتے ہوئے جیمز ولسن نامی اس ماہر نے بتایا ہے کہ جب آپ کو نیند نہ آ رہی ہو تو اپنی سانس کو آہستہ کر دیں۔ جب آپ سانس کی رفتار آہستہ کریں گے تو دل کی دھڑکن کی رفتار بھی آہستہ ہو جائے گی اور آپ کو جلد نیند آ جائے گی۔ سانس آہستہ کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ آپ چار سیکنڈ تک سانس اندر کھینچتے رہیں، پھر چار سیکنڈ تک اسے اندر روکے رکھیں، پھر چار سیکنڈ میں ہی اسے چھوڑیں اور اس کے بعد 4سیکنڈ آرام کے بعد دوبارہ یہ طریقہ دہرائیں۔
جیمز ولسن نے اس پہلے طریقے کو ’باکس بریتھنگ‘ کا نام دیا ہے۔ دوسرے طریقے کے متعلق بتاتے ہوئے جیمز ولسن نے کہا کہ سانس لینے کی اس تکینک کا نام ’دی‘ (The)تکنیک ہے۔ اس تکنیک میں اپنی آنکھیں بند کریں اور ایک طویل اندھیری سرنگ کا تصور ذہن میں لائیں جس کے آخری سرے سے سفید روشنی اندر آ رہی ہے۔ اس روشنی پر اپنی توجہ مرکوز کریں او ر اس دوران اپنے معدے کے ذریعے سانس لیتے رہیں اور بار بار لفظ ’دی‘ بولتے رہیں۔اس طریقے سے آپ کا دماغ ادھرادھر بھٹکنا چھوڑ دے گا اور پرسکون ہو جائے گا۔ دوسری طرف اس طریقے سے بھی آپ کے دل کی دھڑکن سست ہو جائے گی اور آپ کو جلدی نیند آ جائے گی۔