حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ شراب بنانے والی کمپنیوں کی بجائے مہاراشٹر کے لوگوں کو پانی ملے
جماعت اسلامی ہند، مہاراشٹر نے ریاست میں بڑھتے ہوئے پانی کے بحران پر فوری امدادی اقدامات کا مطالبہ کیا
ممبئی : جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے امیر حلقہ مولانا الیاس خان فلاحی نے ریاست میں بڑھتے ہوئے پانی کے بحران پر فوری امدادی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا کو دیئے گئے ایک بیان میں جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے امیر حلقہ نے کہا کہ’’ ہم ریاست میں بڑھتے ہوئے پانی کے بحران پر فوری امدادی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ موجودہ پانی کا ذخیرہ تیزی سے کم ہورہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق چھترپتی سمبھاجی نگر میں سب سے کم اوسط پانی کا ذخیرہ 9.11فیصد ہے، اس کے بعد پونے میں 13.06فیصد، ناسک میں 22.78فیصد، کونکن میں 29.24 فیصد، امراوتی میں 36.90 فیصد اور ناگپور میں 36.99 فیصد ہے۔ بیڈ میں آٹھ بڑے ڈیموں میں سے پانچ یعنی بورگاؤں انجن پور، ماجلگاؤں، منجرا، روشن پوری اور سِرس مارگ میں پانی کا ذخیرہ صفر ہے۔ دھاراشیو بیلٹ میں نو بڑے ڈیموں میں سے پانچ میںپانی کا ذخیرہ صفر ہے۔ مہاراشٹر کے ۳۰۰۰ سے زیادہ گاؤوں کو پانی ٹینکروں سے سپلائی کیا جا رہا ہے۔ پینے کے پانی کا ایک ہنڈا 5 روپے اور روزمرہ استعمال کے لیے ایک بیرل پانی 60 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ مہاراشٹر کے شہریوں کو پانی جیسی بنیادی ضرورت سے کیوں محروم رکھا جا رہا ہے؟ حکومت کو فوری طور پر کارروائی کرنی چاہیے‘‘۔
مولانا الیاس خان فلاحی نے کہا کہ پانی کی کمی نے مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ ضلع کے باغات میں 11 لاکھ سے زیادہ سنترہ کے درختوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ یہ جاننا بہت تکلیف دہ ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب مراٹھواڑہ علاقہ مسلسل پانی کی قلت کا سامنا کر رہا ہے، چھترپتی سمبھاجی نگر کی صرف 12 کمپنیوں نے مالی سال 2023-24میں 761.53لاکھ لیٹر شراب اور 3،778.28 لیٹر بیئر تیار کی۔ حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ مہاراشٹر کے لوگوں کو پہلے پانی ملے نہ کہ ان شراب پیدا کرنے والی کمپنیوں کو۔ ریاستی حکومت کو پائیدار ترقی کے ہدف نمبر 6 پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے تاکہ ’’سب کے لئے پانی اور صفائی ستھرائی تک رسائی کو یقینی بنایا جاسکے‘‘۔
جاری کردہ:
ارشد شیخ
سکریٹری، شعبہ میڈیا جماعت اسلامی ہند، مہاراشٹر
پتہ : دارالفیض، ساتویں منزل، اقبال کمالی جنکشن، 4 سانکلی اسٹریٹ
مدن پورہ، بائیکلہ (مغرب) ممبئی – 400008
موبائل: 9717424918 ای میل: mediacell@jihmaharashtra.org