پونہ بس زنا بالجبر واقعہ: جماعت اسلامی ہند کا فوری انصاف اور سماجی جائزہ لینے کا مطالبہ

1 مارچ 2025
پریس ریلیز
جنسی جرائم میں خطرناک حد تک اضافہ فحاشی کے بے دریغ پھیلاؤ، اخلاقی اقدار کے زوال اور ہمارے نوجوانوں میں اخلاقی تعلیمات کو فروغ دینے میں ناکامی کا نتیجہ ہے

ممبئی : جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے امیر مولانا الیاس خان فلاحی نے پونے میں ایم ایس آر ٹی سی بس میں جنسی زیادتی کے افسوسناک واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ کے لئے فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا کو دیئے گئے ایک بیان میں جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے امیر نے کہا’’ہم پونے کے بس ڈپو میں ایم ایس آر ٹی سی بس میں جنسی زیادتی کے دل دہلا دینے والے واقعہ پر گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر متاثرہ اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کی صحت یابی کے لئے دعا کرتی ہے۔ ہم ملزمین کی شناخت اور گرفتاری میں تیزی سے کارروائی کرنے کے لئے پونے پولیس کی ستائش کرتے ہیں۔ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدلیہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ جلد سماعت اور سزا کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔ یہ ضروری ہے کہ بغیر کسی تاخیر کے انصاف فراہم کیا جائے تاکہ ممکنہ مجرموں کو ایک مضبوط پیغام بھیجا جا سکے‘‘۔
مولانا الیاس خان نے کہا کہ یہ گھناؤنا جرم ہمارے معاشرے کے بگڑتے ہوئے اخلاقی تانے بانے کی ایک اور سنگین یاد دہانی ہے اور اس طرح کے جرائم کی اصل وجہ تلاش کرنے اور خواتین کے تحفظ اور وقار کو یقینی بنانے کے لئے منظم اصلاحات کو اپنانے کی فوری ضرورت ہے۔ ہمیں ان بڑے سماجی مسائل پر غور کرنا چاہئے جو اس طرح کے ہولناک واقعات میں کردار ادا کرتے ہیں۔ جنسی جرائم میں خطرناک حد تک اضافہ فحاشی کے بے دریغ پھیلاؤ، اخلاقی اقدار کے زوال اور ہمارے نوجوانوں میں اخلاقی تعلیمات کو فروغ دینے میں ناکامی کا نتیجہ ہے۔ جماعت اسلامی ہند نے خواتین کے خلاف جرائم کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک جامع نقطہ نظر کی مسلسل وکالت کی ہے جس میں سخت قانونی اقدامات ، مؤثر قانون نافذ کرنے ، میڈیا کا ذمہ دارانہ کردار اور اخلاقی تعلیم شامل ہیں۔ ہم تمام مذہبی، سماجی اور تعلیمی اداروں پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں جو خواتین کے وقار اور تحفظ کو برقرار رکھے۔

جاری کردہ:

ارشد شیخ
سکریٹری، شعبہ میڈیا جماعت اسلامی ہند، مہاراشٹر
ایڈریس: دارالفیض، ساتویں منزل، اقبال کمالی جنکشن، 4 سانکلی اسٹریٹ
مدن پورہ، بائیکلہ (مغرب) ممبئی – 400008
موبائل: 9717424918 ای میل: mediacell@jihmaharashtra.org

اپنا تبصرہ لکھیں