امریکہ میں ایک نوجوان کو ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا شوق مہنگا پڑ گیا، اپنے ماں باپ کے متعلق ایسا انکشاف سامنے آ گیا کہ پیروں تلے زمین نکل گئی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق ویب سائٹ ’Reddit‘ پر اس نوجوان کی گرل فرینڈ نے ایک پوسٹ میں بتایا ہے کہ ”میرا بوائے فرینڈ اپنا ڈی این اے ٹیسٹ کرواکے اپنی فیملی ہسٹری کے بارے میں مزید جاننا چاہتا تھا لیکن جب اس کے ڈی این اے ٹیسٹ کا نتیجہ آیا تو یہ انکشاف ہوا کہ جنہیں وہ بچپن سے اپنے ماں باپ سمجھتا آ رہا تھا وہ اس کے حقیقی ماں باپ نہیں تھے۔“
لڑکی نے بتایا کہ اس میاں بیوی نے دراصل 23سال قبل میرے بوائے فرینڈ کو گود لیا تھا اور یہ راز اس میاں بیوی کے علاوہ کوئی نہیں جانتا تھا۔ انہوں نے میرے بوائے فرینڈ کو بھی حقیقت کبھی نہیں بتائی تھی اور وہ انہیں ا پنے حقیقی ماں باپ ہی سمجھتا تھا۔ جب اسے حقیقت کا پتا چلا تو اس نے اپنے اس ماں باپ کو فون کیا اور بہت دیر تک دونوں کے ساتھ جھگڑا کرتا رہا۔ وہ یہ جان کر بہت غصے میں تھا کہ انہوں نے آج تک اس سے حقیقت چھپائے رکھی۔