امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اس دوران ایک خاتون صحافی نے ایسا مشکل سوال پوچھ ڈالا کہ اس سے مائیک ہی چھین لیا گیا۔ میل آن لائن کے مطابق پی بی ایس سے وابستہ اس خاتون رپورٹ کا نام یامیخ السنڈرو تھا۔اس نے صدر ٹرمپ سے سوال پوچھ لیا کہ وہ مختلف گورنرز پر الزام کیوں لگا رہے ہیں کہ وہ کورونا وائرس کی صورتحال کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں، حالانکہ صورتحال اس سے زیادہ سنگین ہے جتنی گورنرز بتا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رپورٹر ابھی بات مکمل بھی نہیں کر پائی تھی کہ صدر ٹرمپ نے اس کی بات کاٹ دی اور کہا کہ ”تم لوگ ذرا سا بھی مثبت عمل کا مظاہرہ کیوں نہیں کرتے۔“ یہ بات کہتے ہوئے صاف نظر آ رہا تھا کہ وہ رپورٹر کی بات پر آنے والا غصہ چھپا رہے ہیں۔ اس کے بعد رپورٹر سے مائیک لے لیا گیا اور صدر ٹرمپ نے نہ اس کا پورا سوال سنا اور نہ ہی اسے جواب دیا۔ واضح رہے کہ دو روز قبل فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ”گورنرز کورونا وائرس کی صورتحال کو زیادہ سنگین بتا رہے ہیں اور ضرورت سے کہیں زیادہ سازوسامان مانگ رہے ہیں۔“