روس میں ایک بدقسمت دلہن شادی کی تقریب میں ہی بیوہ ہو گئی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 22جنوری کو روسی خطے ماسکو اوبلاسٹ کے گاﺅں ولاسوو میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب کے دوران 34سالہ ریڈو کورڈینیانو نامی دولہا کو دلہن کی طرف سے بلائے گئے دو مہمانوں نے گولیاں مار کر قتل کر ڈالا۔ اس واردات کی منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شادی کی تقریب میں دولہا اور دلہن اپنے مہمانوں کے ساتھ موسیقی پر رقص کر رہے ہوتے ہیں کہ اسی دوران دولہا کو گولیاں مار دی جاتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان الیگزی ڈی اور ولادی میر ڈی نے دولہا ریڈو کے ساتھ جھگڑے کے بعد اسے اور اس کے 36سالہ بھائی فلپ کورڈینیانو کو گولیاں ماریں اور وہ دونوں بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ قاتل بھی باہم بھائی تھے۔ جنہیں کرسٹینا نامی دلہن نے شادی میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ پولیس نے اگلے روز دونوں ملزمان کو ماسکو سے گرفتار کر لیا۔