برطانیہ کے شہزادے اور کوئن الیزبیتھ (دوئم) کے شوہر ’ فلپ ‘ 99برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق بکنگھم پیلس کی جانب سے شہزادہ فلپ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہزادےکا انتقال آج صبح قلعہ ونڈسر میں ہوا۔ ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کے حوالے سے اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔شہزادہ فلپ طویل عرصہ سے بیمار تھے اور انہیں طبیعت خراب ہونے پر فروری میں ہسپتال داخل کروایا گیا تھا ۔
شہزادہ فلپ آخری مرتبہ اس وقت دکھائی دیئے تھے جب انہوں نے ” دی رائفلز کے کرنل ان چیف ‘ کا اپنا عہدہ بیٹی کمیلہ کے حوالے کیا ، شہزادہ فلپ یونان کے شہزادہ اینڈریو اور اور شہزادی الیس آف بیٹن برگ کے گھر پیدا ہوئے لیکن بعد ازاں ان کے اہل خانہ کو جلا وطن کر دیا گیا تھا اور اس وقت فلپ بہت چھوٹے تھے ، شہزاد ہ فلپ نے فرانس اور جرمنی میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1939 میں برطانوی نیوی میں شمولیت حاصل کی اور 1947 میں کوئن الیزبیتھ کے ساتھ شادی کرنے سے قبل وہ اپنے یونانی اور ڈنمارک کے عہدوں سے دستبردار ہو گئے تھے ۔
معروف سیریز ” دی کراﺅن “ میں پرنس فلپ کا کر دار میٹ سمتھ اور ٹوبائیس مینزیزنے نبھایا ہے جبکہ امریکی سیریز ’ دی کوئن ‘ میں ان کا کردار معروف اداکار جیمز کروویل نے نبھایا ہے ۔شہزادہ فلپ کے کردار پر بہت سارے فلمی کردار نبھائے جا چکے ہیں ۔کوئل الیزبیتھ کے ساتھ شادی کے بعد وہ کئی آرگنائزیشنز کے سربراہ رہے جو کہ ماحولیات ، کھیل اور تعلیم سے وابستہ ہیں، بطور ’ ڈیوک آف ایڈن برگ ‘ ان کی پہلی مصروفیت رائل البرٹ ہال میں لندن فیڈریشن آف بوائزکلب کے باکسنگ فائنل میں انعامات تقسیم کرنا تھی ۔شہزادہ فلپ ماحولیات سمیت مختلف معاملوں پر کتابیں بھی لکھ چکے ہیں ،وہ 96برس کی عمر میں اپنی تمام ذمہ داریوں سے دستبردار ہو گئے تھے ۔