اگلے جہان چلے جانے والے کبھی واپس نہیں آتے اور نہ ہی ان سے اس زندگی میں کبھی ملاقات ہو سکتی ہے لیکن جدید ٹیکنالوجی نے یہ معجزہ بھی کر دکھایا ہے کہ آپ اپنے متوفی پیاروں کے ساتھ حقیقی نہ سہی مگر ورچوئل ملاقات کر سکتے ہیں۔ ایسی ہی ایک ملاقات جنوبی کوریا کی خاتون جانگ جی سنگ نے اپنی انتقال کر جانے والی 7سالہ بیٹی کے ساتھ گزشتہ روز کی۔ جانگ جی سنگ کی بیٹی نیون کوایک لاعلاج مرض لاحق ہوا تھا اور وہ موت کے منہ میں چلی گئی تھی۔ اس کی موت کے 3سال بعد ’من ہوا براڈ کاسٹنگ کارپوریشن‘ نے ’وی آر‘ کے ذریعے ایک ڈاکومنٹری کے لیے اس ماں بیٹی کی ورچوئل ملاقات کرائی۔
رپورٹ کے مطابق جانگ جی سنگ نے اس ملاقات میں وی آر ہیڈ سیٹ پہن رکھا ہوتا ہے اور اس کے ذریعے اپنی بیٹی کو دیکھتی اور اس سے باتیں کرتی ہے۔ اس ملاقات میں بیٹی کے جانے کے غم میں مبتلا ماں سسکیاں لے کر رو رہی ہوتی ہے اور بیٹی سے باتیں کر رہی ہوتی ہے۔ وہ اپنی بیٹی کا چہرہ تھامنے اور ہاتھ پکڑنے کی کوشش کرتی ہے۔ اس ملاقات کے بعد جانگ نے ڈاکومنٹری میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’شاید یہ حقیقی جنت ہو، جسے میں نے وی آر کے ذریعے دیکھا ہے۔ میں نیون سے ملی ہوں۔ اس نے مسکرا کر مجھے پکارا۔ اس نے کم بات کی لیکن میں بہت خوش ہوں۔ مجھے ایسے لگ رہا ہے کہ میرا کوئی ایسا خواب پورا ہو گیا ہے جو میں ہمیشہ سے دیکھتی آ رہی تھی۔‘‘