پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا سٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام بنا دیاہے اور اس حوالے سے ڈی جی رینجرز نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ محض 8 منٹ میں چاروں دہشتگردوں کو مار دیا گیا اور وہ عمار ت کے اندر داخل نہیں ہو سکے ۔
ڈی جی رینجرز کاکہناتھاکہ کہ اگلے 20 منٹ میں تمام کارروائی مکمل کر لی گئی تھی، دہشت گردوں نے لوگوں کو یرغمال بنانا تھا وہ جدید اسلحہ، لانچر گرنیڈ اور دیگر سامان لائے تھے، دہشتگردوں کوپاکستان اسٹاک ایکسچینج کے داخلی راستے پر ہی روک لیا گیا تھا۔ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معروف بلڈنگ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ٹارگٹ بنانے کا مقصد پاکستان کی خوشحالی کو نقصان پہنچانا تھا لیکن اس دہشتگرد حملے کے باوجود اسٹاک ایکسچینج میں کام جاری رہا بلکہ مثبت رہا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں کی پشت پناہی پر پڑوسی ملک کی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے، ہمیں ادراک ہے کہ ملک دشمن ایجنسیاں کوششیں کر رہی ہیں کہ بچے کچے دہشتگردوں کے پاکستان کے خلاف استعمال کریں مگر ہم واقف ہیں کہ کون کیا کررہا ہے، ان کے خلاف کام شروع کرچکے ہیں اور انہیں نیست و نابود کریں گے۔