فحاشی کیا ہے؟
نیا کا کوئی ملک ایسا نہیں جہاں کسی نہ کسی وقت کوئی پالیسی بحث نہ چل رہی ہو ۔لیکن پاکستان ان ملکوں میں سے ہے جہاں پالیسی بحث حل یا عمل کے لیے نہیں ٹائم پاس اور تفریح کے لیے ہوتی ہے۔ اس وقت بھی ایک بحث چھڑی ہے۔ یہ نہیں کہ خط لکھنا ہے کہ نہیں۔ یہ بھی نہیں کہ پانی سے گاڑی چلانے کے لیے کتنے وزیر چاہییں۔ اور یہ تو بالکل نہیں کہ جمہوریت کے ذریعے عوام سے بہترین انتقام لینے کے بعد اگلے 5 سال کیا کرنا ہے۔ وہ بحث جس کا ہم تذکرہ کر رہے ہیں وہ یہ ہے کہ فحاشی کیا ہے؟ جی ہاں۔ فحاشی۔ جسے ہم عریانیت یا جنسیت یا بے ہودگی بھی کہہ سکتے ہیں۔ یہ بحث عدالت عظمی کے حکم پر پیمرا جو کہ ملک میں الیکٹرانک میڈیا کو کنٹرول کرنے کا ادارہ ہے اور کچھ مذہبی اور سماجی دانشوروں کے درمیان جاری ہے۔ بحث کیوں ہوئی کیا ہوئی اور کچھ لوگوں کو میڈیا میں فحاشی کیوں نظر نہیں آتی یہ جاننے کے لیے ہم بچو بھائی کے پاس گئے۔ بچو بھائی کون ہیں ۔ بس سمجھ لیں گرو ہیں ۔ کیا چیز ہے جو انہوں نے نہیں دیکھی۔ اور ان معاملات میں ان کی نظر بہت وسیع ہے۔ جب ہم بچو بھائی کے پاس پہنچے تو وہ کسی لبرل دانشور (جو کہ ہر لبرل ہوتا ہے) سے بات کر رہے تھے جن کو فحاشی نظر نہیں آرہی تھی ۔ بچو بھائی چاہتے تھے وہی انجیکشن قاضی صاحب کو بھی لگا دیں تاکہ یہ بحث ختم ہو۔ بچو بھائی کہہ رہے تھے۔
جی تو میرے بھائی آپ مجھے وہ میڈیا دکھا دیں گیجس میں آپ کو کو ئی برائی نظر نہیں آتی؟ اچھا تو چلیں میرے گھر چلتے ہیں۔ بس یہ 5 منٹ کے راستے پر ہے گھر میرا۔۔ ارے رے سامنے دیکھئے بھائی کیا کر رہے ہیں؟ اوہ اچھا آپ وہ بورڈ دیکھنے لگ گئے تھے جس میں کوئی لباس خاتون میں سے جھانک رہا تھا۔ جی جی آپ کی نیت پر شک نہیں کر رہا توبہ کریں ۔ جی ویسے تو وہ بورڈ بھی آپ نے بہت غور سے دیکھا تھا جس میں موبائل نے لڑکی کے ساتھ تصویر کھنچوائی ہے ۔ ظاہر ہے ساری خوبیوں کو بغور دیکھنا پڑتا ہے، جی جی موبائل کی خوبیاں اور کیا۔ دیکھیے منہ تو بند کر لیں لوگ کہیں گے کبھی لڑکی نہیں دیکھی ۔ اچھا دیکھیں گھر آگیا۔
جی تو حضرت آپ نے وضو کر لیا؟ ارے وضو تو کریں اتنے پاک میڈیا کو بغیر وضو دیکھیں گے کیا؟ چلیں خیر لیکن یہ آداب کے خلاف ہے۔سب سے پہلے خبروں کا چینل دیکھتے ہیں۔ یہ کیا؟ یہ لڑکی اتنا تیار ہو کے کیوں بیٹھی ہے کیا یہاں سے سیدھا اپنی شادی میں جا رہی ہے؟ اچھا معذرت ہم تو خبریں دیکھ رہے تھے لڑکی کے تیار ہونے میں تو کوئی فحاشی نہیں۔ خیر تو یہ تو کچھ ضروری خبر لگ رہی ہے۔ اچھا وزیر اعظم کو خط لکھنا پڑے گا؟ لیکن یہ ساتھ میں گانا کیوں ہے؟ اوہ اچھا خبر کا اثر زیادہ ہوتا ہے۔ اور یہ لڑکی کے چہرے اور آستینوں کا رنگ ایک کیوں ہے؟ او ہ اچھا آستینیں ہیں ہی نہیں ۔ ہاں لیکن یہ تو فحاشی نہیں انڈین گانا تھا نا وہاں تو ہر گھر میں ایک کرینہ کپور ہوتی ہے۔ آئیں دعا کریں ان کافروں کواللہ ہدایت دے دے۔ اچھا تو اشتہار آگئے۔ یہ فون کے ساتھ بندہ بھی وائبریشن پر ہے کیا؟ فون ڈانس کر کے کیوں بیچ رہے ہیں ؟ اور یہ لڑکی کی پیٹھ کیوں برہنہ ہے سردی لگ جائے گی بھئی۔ اچھا کم کپڑوں میں سگنل اچھے آتے ہوں گے۔ یہ کھانسی کا شربت ہے۔ اشتہار دیکھ کرپتہ لگ رہا ہے کھانسی ہوئی کیوں تھی۔ تھوڑا فاصلہ رکھنا چاہیے تھا۔ اور یہ چپل بغیر گانا گائے نہیں بیچ سکتے؟ آپ نے آج تک کسی کو صرف چپل کی وجہ سے اتنا خوش ہوتے دیکھا ہے؟ ویسے یہ تینوں لڑکیاں اگر یہ سمجھ رہی ہیں کہ چپل کپڑوں کی کمی کو پورا کر دے گی تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ یہ بھی فحاشی نہیں؟ چلیں پھر کوئی ڈرامہ دیکھ لیتے ہیں۔ یہ اچھا ڈرامہ لگ رہا ہے۔ میاں بیوی بات کر رہے ہیں۔ یہ تو رومینٹک ہو گئے۔ اچھا کمرے میں تو کوئی نہیں ہے ظاہر ہے کیمرہ مین تو کیمرہ کے پیچھے ہے اور میاں بیوی ہی تو ہیں ایک دوسرے کے نہیں تو کیا ہوا کسی نہ کسی کے تو ہیں۔ یہ دو کون ہیں؟ اچھا پریمی ہیں۔ ایک دوسرے سے پیار کرتے ہیں۔ ہاتھ میں ہاتھ ہی تو لیا ہے کوئی آگے تو نہیں بڑھے نا۔ ارے یہ تو آگے بڑھ گیا۔ فحاشی لیکن یہ بھی نہیں معاشرہ میں یہی کچھ تو ہورہا ہوگا۔ چلیں دوسرا ڈرامہ دیکھتے ہیں۔ یہ ڈرامہ بھی مشہور ہے اس میں معاشرے کی سب سے ضروری چیز کے بارے میں آواز اٹھائی گئی ہے۔ جی جی طوائف کے بارے میں۔ ارے یہ ڈائیلاگ سن کے آپ کے کان لال ہو گئے؟ اچھا گرمی زیادہ ہے۔ ڈائیلاگ تو کرارا تھا ویسے۔ اور یہ اس آدمی نے پانی میں کیا ملایا بھلا؟ اچھا شراب ہے۔ ہم سمجھے کوئی حرام شے ہے۔ یہ بھی فحاشی نہیں؟ چلیں اسپورٹس دیکھ لیتے ہیں ۔ آئی پی ایل چل رہا ہے نا آج کل ۔ واہ کیا زبردست بیٹنگ کر رہا ہے مزا آگیا۔ اور یہ چوکاااااا۔ ارے یہ لڑکیوں کو تو ہم سے زیادہ خوشی ہو گئی پورے اسٹیڈیم میں سب سے زیادہ یہی ڈانس کر رہی ہیں۔ کرکٹ کا اتنا شوق ہے بھئی واہ جی خوش کر دیا لڑکیو جہاں رہو سکھی رہو۔ جی بھائی تو آپ کو ابھی بھی کوئی فحاشی نہیں ملی؟ واقعی میں؟ شرفوبھئی ان کے خون کا سیمپل لے لو اور لیبارٹری میں دے دو۔ پانی والی گاڑی میں اسی میٹیریل کا ٹائر ڈا لیں گے کبھی پنکچر نہیں ہوگا دیکھنا۔ ابے بھاگا کہاں جا رہا ہے۔ دیکھ تو سہی صاحب کو درشن کر لے ان کے۔ ایسا ایمان ہے ان کا اسٹیل سے بھی مضبوط۔ اور ایک تو ہے ذرا سی بات پر تیرے ایمان کو خطرہ ہوجاتا ہے۔ یہ بھی بیٹا پاکستان کی اپنی ایجاد ہے پوری دنیا میں ایسا میٹیریل کہیں نہیں ملے گا۔ تجھے بھی غیرت کا ہیضہ رہتا ہے نا سیکھ کچھ ان سے سیکھ!
یوسفی صاحب کہتے ہیں کہ جب کیلے کے چھلکے پر پاں پڑ جائے تو سنبھلنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے، اس پھسلنے کو انجوائے کرنا چاہیے۔ بس یہ قطعہ وہ چھلکا سمجھ لیں۔ ایک بڑے امریکی اخبار کے ایڈیٹر نے ایک دفعہ کہا تھا کہ دنیا کا ہر مضمون نگار صرف اور صرف ایک وجہ سے لکھتا ہے۔ غصہ!
آج سے 30 سال پہلے اگر متوسط طبقے کا ایک پاکستانی گھرانہ کوئی پروگرام ٹی وی پر دیکھ رہا ہوتا تھا تو اس کو کم از کم دو باتوں کی فکر بالکل نہیں ہوتی تھی ۔ ایک چینل تبدیل کرنے کی (کہ ملک میں تھا ہی ایک چینل، کچھ شوقین دور درشن دیکھتے تھے لیکن کافی پاپڑ بیلنے کے بعد)، اور دوسری فکر کوئی ایسا منظر ٹی وی پر آجانے کی کہ جس کو دیکھنے کے لیے ماں باپ بچوں کو پانی لینے بھیج دیں۔ اس زمانے میں عموما گھروں میں وی سی آر مانگ کر یا کرایہ پر لایا جاتا تھا۔ انڈین فلم چلتی تھی اور سب گھر والے اور دوسرے رشتہ دار بھی آتے تھے اور سب کے بیچ میں یہ وی سی آر چلتا تھا۔ ان فلموں میں جو گانے وانے اور دیگر خرافات ہوتے تھے وہ تو بڑھا دیئے جاتے تھے ۔ بد تمیزیاں زیادہ ہونے کی صورت میں وی سی آر مینیجر کی پٹائی بھی ہوسکتی تھی۔ یہ کوئی انتہا پسند گھرانے نہیں تھے۔ یہ وہ زمانہ تھا کہ شرفا کے گھروں میں شوہر کا اپنی بیوی کا ہاتھ لوگوں کے سامنے پکڑ لینا ایک شدید معیوب بات سمجھی جاتی تھی اور گھر کا کوئی بڑا بوڑھا فورا ہی اس حرکت پر سرزنش کر دیا کرتا تھا۔ اس معصوم زمانے میں بھی کچھ لوگ تھے جو وی سی آر جیسی بے ضرر چیز کو حرام مانتے تھے۔ یہ وہ مولوی ٹائپ لوگ تھے جو بیسویں صدی میں داخل ہوئے ہی نہیں بلکہ دروازے پر ہی کھڑے ہو گئے۔ ان لوگوں کو محافل میں بلانے کے لیے کافی اہتمام کرنا پڑتا تھا۔ جیسے کہ دعوت کا جلدی انعقاد کرنا اور ان کا جلد از جلد نکلنا یقینی بنانا تاکہ اصل دعوت شروع کی جا سکے۔ وغیرہ وغیرہ۔ دوسری انتہا پر وہ ماڈرن طبقہ تھا جو مغرب کی طرف دیکھتا تھا۔ اس کے ہاں حدود و قیود کا تعین مغرب کی اقدار کی روشنی میں ہی کیا جاتا تھا۔
آج تیس سال بعد، وہ مولوی ٹائپ لوگ اکثر و بیشتر ابھی تک اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہیں۔ ٹی وی کے بارے میں بالعموم وہ اپنا نظریہ تبدیل کر چکے ہیں لیکن حیا اور شرم، بے ہودگی اور فحاشی کا معیار ابھی بھی ان کے ہاں شریعت اور علما ہی بتاتے ہیں۔ دوسری طرف وہ مغرب زدہ طبقہ ہے جس کا قبلہ ابھی بھی مغرب ہی ہے۔ اس عرصے میں جیسے مغرب میں اخلاقیات تبدیل ہوئی ہیں ویسے ہی ان کے ہاں بھی ہوئی ہیں ۔ مغرب میں پچھلے 25 سال میں ہم جنسیت ایک قابل نفرین سے قابل تقلید شے میں تبدیل ہوئی تو ان کے ہاں درجنوں آل قوم لوط پیدا ہو گئے۔
تبدیلی اگر آئی ہے تو ان گھرانوں میں جہاں مذہبی پہرہ نسبتا نرم تھا۔ آج تقریبا ہر گھر میں 100 سے زائد چینل ہیں۔ ہر طرح کا مواد انگوٹھے کی ایک جنبش سے دیکھا جا سکتا ہے۔ تیس سال پہلے جن مناظرپر وی سی آر مینیجر کی پٹائی ہو جاتی تھی آج تیس سال بعد وہ نہ صرف قابل قبول بلکہ قابل تحسین بھی ہیں۔ تیس سال پہلے کی انڈین ہیروئین کے کپڑے جن لوگوں کو مختصر لگتے تھے آج اپنی بچیوں کو شیلا اور منی بنے دیکھ کر پھولے نہیں سما رہے۔ تیس سال پہلے شوہر اپنی بیوی کا ہاتھ نہیں پکڑ سکتا تھا۔ اب جب تک میاں بیوی اپنی کوئی ایسی تصویر فیس بک پر نہ لگا دیں جس میں دونوں کے درمیان ہوا بھی نہ گزر سکے تب تک لوگ سمجھتے ہیں دونوں میں الفت نہیں۔ ہر وقت ہر جگہ پیار و محبت کا اظہار اپنی جگہ۔
یہ اتنی بڑی تبدیلی کیسے آئی؟ ویسے تو رینڈ کارپوریشن کی پاکستان پر تین رپورٹیں کافی ہیں اس کام کے لیے لیکن اگر ہم تھوڑا وسیع جائزہ لیں تو یہ تبدیلی صرف پاکستانی معاشرے میں نہیں آئی ہے۔ 1990 سے پہلے کی ہالی وڈ کی فلموں اور اب کی فلموں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ جیسا ہم نے پہلے لکھا، ہم جنس پرستی 25 سال پہلے کے امریکی معاشرہ میں ایک معیوب ہی نہیں نہایت گھٹیا فعل سمجھی جاتی تھی۔ لیکن آج سے قریب 7 سال پہلے بروک بیک مانٹین نامی فلم کو تین آسکر ایوارڈ اور کئی نامزدگیاں دی گئیں ۔ فلم کا عنوان لواطت تھا۔ فلم کو اس قدر پذیرائی ملنے کی ایک بہت بڑی وجہ یہ تھی کہ امریکی میڈیا میں عام طور پر اور انٹرٹینمنٹ صحافت میں خاص طور پر ایک طویل عرصے سے ایسے لوگ داخل ہو رہے تھے جن کا یا تو جنسی رجحان اس طرف تھا یا وہ سستے پیسے اور شہرت کمانا چاہتے تھے۔ ان لوگوں نے باقاعدہ ایک مہم کے طور پر اس عمل کو لوگوں کی نظروں میں خوشنما یا کم از کم ناقابل نفرت بنا دیا ہے۔ اس تمام مہم کا منطقی انجام یہ ہے کہ اب گے رائٹس امریکہ میں ایک زمینی حقیقت بن گئے ہیں۔ اب وہاں رہنے والے مسلمان بھی ان کو ایک عام شہری ہی سمجھنے پر مجبور ہیں۔ بس اپنے بچوں کو ان کی صحبت سے بچا نے کی کوشش کر تے ہوں گے کیونکہ کچھ اور تو وہ کر ہی نہیں سکتے۔ لواطت کی سزا قتل ہے یہ تو شاید ان کے حاشیہ خیال میں بھی نہیں آتا ہوگا۔ امریکہ کے مقبول ترین ٹی وی میزبان بشمول جان اسٹیورٹ کھلے عام اپنے پروگرام میں فحش مذاق کرتے ہیں۔ ایک صدارتی امیدوار رک سینٹورم نے ہم جنس پرستوں کو ناراض کیا تو اس کے نام کو گوگل کرنے پر نہایت عجیب نتائج آنے شروع ہوگئے، اتنے عجیب کہ اس کی گوگل پرابلم مشہور ہو گئی۔ اور نوبت بہ ایں جا رسید کہ ترقی یافتہ دنیا کے امام امریکہ کے پہلے صدرِ سیاہ فام نے کھلے عام، بلکہ بہت اہتمام کے ساتھ، اس بات کا اعتراف کر لیا ہے کہ اسے ہم جنس پرستی پر کوئی خاص اعتراض نہیں ہے۔ یہ احوال ہوا امریکی معاشرہ کا۔ اب پڑوسی ملک میں بھی دیکھ لیں۔ کیا آج کی ہندی فلمیں 20 سال پہلے کی ہندی فلموں سے کئی گنا زیادہ فحش نہیں ہیں؟ اب جن ہندی فلموں میں آئٹم نمبر نہیں ہوتا وہ فلم فلم نہیں ہوتی۔ بڑے بڑے اداکاروں کو اس بات پر مجبور کر دیا گیا ہے کہ وہ فلم کو چلانے کے لیے اوچھی حرکتیں کریں ۔ کون سا ایسا نام ہے جس کو اپنی فلم میں بولڈ سین نہ فلمانا پڑ رہا ہو۔ آپ کے خیال میں ہندوستان کے تمام ہیرو اچانک سے ٹھرکی ہو گئے ہیں؟ جی نہیں یہ بھی اسی راستے کے راہی ہیں۔
اس تناظر میں اگر پاکستانی میڈیا کو دیکھیں تو یہاں بھی تبدیلی پچھلے 5-6 سالوں میں ہی آئی ہے۔ 2002 کے انتخابات کے وقت نئے پاکستانی چینلوں نے جو کار کردگی دکھائی تھی وہ اب ماضی کا ایک ورق ہے۔ اس وقت بہت کم ایسا مواد ان چینلوں پر چلتا تھا جس پر عام الناس کو اعتراض ہو۔ اس وقت کی فوٹیج اگر یو ٹیوب پر مل جائے تو ادائیگی کا طریقہ اور انداز کافی حد تک سادہ ہوتا تھا۔ گو پی ٹی وی کے مقابلے میں بہت آزاد تھا لیکن اگر آج کے مواد سے موازنہ کیا جائے تو فرق بہت واضح ہے۔ قصہ مختصر، اس وقت کا مواد اتنا قابل اعتراض نہیں تھا جتنا اب کا ہے۔ اب حالت یہ ہے کہ خود میڈیا میں موجود سنجیدہ حلقے چیخ اٹھے ہیں ۔ اوریا مقبول جان، طلعت حسین اور انصار عباسی وغیرہ ثقافتی یلغار یا بے حیائی کے خلاف اپنی اپنی آواز اٹھا رہے ہیں۔ اس کے نتیجے میں عدالت عظمی نے پیمرا کو حکم دیا کہ تمام فحش مواد بند کر دے۔ پیمرا نے فحش کی تعریف سے لا علمی کا اظہار کیا اور یوں ہم اس مجلس تک پہنچ گئے جس میں ایک طرف قاضی حسین احمد، انصار عباسی، اوریا مقبول جان اور محمد حسین محنتی صاحب اور دوسری طرف پیمرا کے عہدیداران، ان کے چیئر مین ڈاکٹر عبدالجبار، جاوید جبار اور ڈاکٹر مہدی حسن وغیرہ بیٹھے ہیں۔ اس مجلس میں یہ لوگ کسی ایک تعریف پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔ مذہبی طبقے کے نمائندہ اپنی تعریف لائے ہیں اور لبرل طبقے اپنی۔ لبرل طبقے کے نمائندہ جاوید جبار اور مہدی حسن کہتے ہیں کہ پاکستانی میڈیا میں کچھ بھی قابل اعتراض نہیں میڈیا اپنی ذمہ داری بخوبی ادا کر رہا ہے۔ قاضی حسین احمد کے مطابق چینل خبروں میں ناچ گانا دکھا کر اپنے مینڈیٹ کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ نیز جرائم کی تصویر کشی بھی قابل مذمت ہے۔ لبرل سمجھتے ہیں کہ یہ مولوی حکومت کے ساتھ مل کر آزادی اظہار رائے پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔ اور دوسرے طرف والے سمجھ رہے ہیں کہ یہ لوگ فحاشی کیا جانیں جو باپ اور بیٹا اکھٹے بیٹھ کر ہر طرح کا مشروب پیتے ہیں اور ہر طرح کی فلم دیکھتے ہیں۔ غرض جتنے منہ اتنی باتیں۔ لبرلوں کو مولویوں پر بھروسہ نہیں اور مولوی لبرلوں کی بات ماننے کو تیار نہیں۔
اس بات پر لیکن تقریبا سب کا اتفاق تھا کہ فحاشی کی تعریف متعین کرنا آسان کام نہیں۔ اگر ایک کی تعریف مانتے ہیں تو دوسرے کی تعریف میں سے نکل جاتے ہیں اور دوسرے کی مانتے ہیں تو تیسرے کی بات پوری نہیں ہوتی۔ کوئی ایسا طریقہ نہیں سمجھ آرہا جس میں گھوڑے کی ٹانگیں بھی نہ کٹیں ، دولہا کی پگڑی بھی نہ اتاری جائے اور بارات دروازے سے اندر داخل ہوجائے۔اصل میں اس طرح کے معاملات کو طے کرنے کا پوری دنیا میں ایک نظام ہوتا ہے۔ عموما پارلیمان میں ایسے مسائل کو حل کیا جاتا ہے۔ ورنہ کوئی اور اعلی اختیاراتی ادارہ ایسے کاموں کو بغیر کسی رکاوٹ کے انجام دیتا ہے۔ پاکستان میں ظاہر ہے آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے تو ہر بحث اسی طرح چوراہے میں آتی ہے اور آزادی معلومات کے نام پر حساس معاملات پر بحث کھلے عام ہوتی ہے ۔ قاضی صاحب نے ایک تعریف یہ بیان کی جو مواد گھر والوں کے ساتھ بیٹھ کر نہ دیکھا جا سکے وہ فحش ہے۔ ان کے سامنے شاید اپنے گھر والے ہونگے کیونکہ ماشااللہ ان کے گھر میں شرعی پردہ نافذ ہے ورنہ ہم نے تو وہ گھرانے بھی دیکھے ہیں جہاں پانی کے گلاس میں پانی نہیں پی سکتے کہ نہ جانے شراب پینے کے بعد اس کو دھویا بھی گیا تھا کہ نہیں۔ سمیحہ راحیل قاضی صاحبہ نے ایک پروگرام میں کہا کہ پاکستان کی 95 فیصد عوام ان کے ساتھ ہے۔ ہمارا التماس ہے کہ اس بنیاد پر کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے بندے گن ضرور لیں۔ یہاں تو لوگوں کو سب سے زیادہ افسوس ان کے پسندیدہ سنگر کے انڈین آئڈل میں ہارنے کا ہوتا ہے۔ مسجد سے عشا کی نماز پڑھ کر آنے والے انکل مہندی میں جا کر اپنی بہو کو رقص کرتے دیکھ کر بہت محظوظ ہوتے ہیں بلکہ بری پرفارمنس پر ناراض بھی ہوتے ہیں۔ بیٹی اگر پردہ شروع کر دے تو ماں اور خاندان والے اس کو دسیوں باتیں سناتے ہیں کہ شادی کیسے ہوگی؟ لوگ کیا کہیں گے ۔ لڑکا داڑھی رکھ لے تو پریشانی۔ اعتکاف میں بیٹھ جائے تو گھر میں کہرام۔ یہ ایک متوسط طبقے کے گھر کی بات ہے جہاں کے مرد و زن نماز بھی پڑھتے ہیں اور گانے بھی سنتے ہیں یعنی اللہ کا کلام بھی اور شیطان کا بھی۔ اسی زمانے میں ہم نے دیکھا کہ جس دل میں عمر فاروق کی محبت ہوتی ہے وہیں شاہ رخ خان کی محبت کو بھی رکھ لیا جاتا ہے بغیر کسی خلش کے۔ نعت خواں اور غزل خواں کا فرق بھی کچھ واضح نہیں ۔ اسلامیات پڑھانے والے لوگوں کو اس بات پر افسوس کرتے دیکھا ہے کہ پاکستانی فلموں میں ڈانس کے اسٹیپس ہی آپس میں نہیں ملتے۔ نوجوان لڑکوں لڑکیوں کا فیس بک دیکھیں تو ایک ہی صفحے پر آپ کو درود کے فضائل بھی ملیں گے اور نئی انڈین فلم کے بھی۔ ایسے اگر 100 فیصد بھی آپ کے ساتھ ہوں گے نا تو بھی کم ہیں۔
یہ معاملہ اتنا سنجیدہ اور دین کی اتنی بنیادی اساس کے اوپر ضرب لگا رہا ہے کہ اس کے اوپر چپ رہنا اپنی شامت اعمال کو دعوت دینا ہے۔ اللہ کے نبی نے 14 صدیوں پہلے فرما دیا تھا جب تم حیا نہ کرو تو جو چاہو کرو۔ انہوں نے بیحیائی سے رکنے کو کہا تھا۔ ہمارے یہ دین بیزار لوگ اس کو اجازت سمجھ لیتے ہیں۔ فحاشی کسے کہتے ہیں یہ آپ کو وہ بچہ بھی بتا سکتا ہے جو گھر میں ریموٹ ہاتھ میں لے کر بیٹھا اپنا کارٹون دیکھ رہا ہوتا ہے اور کسی عجیب اشتہار کے آنے پر ادھر ادھر دیکھنے لگتا ہے۔ فحاشی کی تعریف پوچھنا ویسا ہی ہے جیسا بنی اسرائیل نے گائے کے ذبح کرنے پر حضرت موسی سے معاملہ کیا تھا- کبھی رنگ پوچھا کبھی عمر، کبھی کام پوچھا کبھی کچھ ۔ کہتے تھے اس گائے نے تو ہمیں شبہے میں ڈال دیا ہے۔ غرض ۔ جتنے سوال کیے خود پھنستے گئے۔ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ پاکستان کو ہندوستان کی نقالی پر لگا دیں لیکن ہندوستان تو خود امریکہ کی نقالی میں لگا ہوا ہے۔ یعنی اصل میں ہمارا سفر بھی ان کے مطابق ہم جنس پرستوں کی حکومت ہے کہ ایک دن اسلامی جمہوریہ پاکستان کا سربراہ ایک ٹی وی پروگرام میں یہ اعلان کر دے کہ اسے ہم جنس پرستی پر کوئی اعتراض نہیں۔ قوم لوط پر ایک فرد جرم یہ بھی تھی کہ وہ محافل میں کھلم کھلا فحش حرکات کرتے تھے۔کیا اللہ کے نبی نے کہہ نہیں دیا کہ مجاہرہ (کھلم کھلا فحش حرکات کرنا یا پوشیدہ حرکات کا اعلان کرنا ) کرنے والوں کی معافی نہیں۔ کیا گھر گھر میں چلتے یہ ڈانس شوز ، یہ ڈراموں میں بے ہودہ ڈائیلاگ، یہ کھلم کھلا شراب کا استعمال اور ترغیب، یہ میاں بیوی کا کردار کرنے والے اصلا نامحرم مرد و عورت کا بے ہودہ مساس، یہ سائن بورڈز پر بڑی شان سے آویزاں عریانیت کی تصاویر۔ کیا یہ فحاشی کا کھلم کھلا ارتکاب نہیں؟ کیا یہ سب مجاہرہ نہیں؟ کیا بچو بھائی کی طرح ایک ایک چیز پوچھنی پڑے گی کہ کیا بھی فحاشی نہیں؟کیا یہ بھی نہیں؟ یہ لوگ کہتے ہیں ریموٹ آپ کے ہاتھ میں ہیتبدیل کردو چینل۔ جی ضرور تبدیل کر دیں گے۔ معاشرہ کے سنجیدہ طبقات میں اس وقت اس بڑھتی ہوئی فحاشی کے خلاف ایک لاوا پک رہاہے۔ یہ لاوا کبھی پھٹ پڑا تو چینل تو کیا بہت کچھ تبدیل ہو جائے گا۔ ان مغرب زدہ لوگوں کو اپنی یہ حماقت ان شا اللہ بہت مہنگی پڑے گی۔ کیوں کہ فحاشی کی تعریف متعین کرنے کا یہ اونٹ اگر کسی غلط کروٹ بیٹھ گیا تو اس کے نیچے ان سمیت بہت کچھ دب سکتا ہے ۔
ADVERTISEMENT