مساج پارلرز میں کئی طریقوں سے مساج کیا جاتا ہے لیکن اب مصر کے ایک پارلر میں مساج کی ایسی قسم متعارف کروا دی گئی ہے کہ سن کر ہی آدمی خوف کھانے لگے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ مساج پارلر مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہے جس نے مساج کی دیگر اقسام کے ساتھ ساتھ ایک نئی قسم متعارف کروائی ہے جس میں سانپوں کے ذریعے مساج کیا جاتا ہے۔
عالمی خبررساں ایجنسی روئٹرزکی طرف سے پارلر میں اس طریقے سے گاہک کا مساج کیے جانے کی ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پارلر کا ایک ورکر پہلے گاہک کے جسم پر تیل لگاتا ہے اور پھر آدھ درجن سے زائد سانپ اس کے جسم پر چھوڑ دیتا ہے۔ یہ سانپ گاہک کے جسم کے اوپر رینگنے لگتے ہیں۔جو سانپ گاہک کے جسم سے نیچے اترتا ہے ورکر اسے پکڑ کر واپس گاہک کے اوپر چھوڑ دیتا ہے۔ روئٹرزکی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اس پارلر میں لوگوں کا مساج کرنے کے لیے 28مختلف قسم کے سانپ رکھے گئے ہیں جو زہریلے نہیں ہوتے۔