ایک برطانوی میاں بیوی نے 17سال قبل چین سے ایک بچہ گود لیا اور اس کے اصل ماں باپ کے ساتھ وعدہ کیا کہ وہ اس بچے کو ان کے کلچر کے قریب تر رکھیں گے۔ اس برطانوی ماں باپ نے اس بچے کو چینی کلچر کے قریب رکھا، حتیٰ کہ چھٹیاں بھی چین جا کر گزارتے رہے تاکہ بچہ چینی زبان صاف بول سکے اور چینی کلچر سے واقف ہو سکے مگر 17سال بعد اس برطانوی جوڑے کو اپنی ایسی غلطی کا علم ہوا کہ پچھتاوے کے سوا کچھ باقی نہ رہا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ جس بچے کو چینی بچہ سمجھ کر اسے چینی زبان سکھاتے اور چینی کلچر سے آشنا کراتے رہے، وہ دراصل کورین تھا۔
اس بچے کو پالنے والی اس کی برطانوی ماں نے ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں بتایا ہے کہ ”17سال بعد ہمیں اپنے بیٹے کے برتھ سرٹیفکیٹ کی ضرورت پڑی اور جب ہم نے سرٹیفکیٹ نکال کر دیکھا تو اس کے ماں باپ کے فیملی نام ’Park‘ اور ’Kim‘ تھے۔ ان سے ہمیں احساس ہوا کہ بچے کے اصلی والدین چینی نہیں بلکہ کورین تھے، یہ بات ہم نے بچے کو گود لیتے وقت محسوس نہ کی تھی اور مترجم نے بھی ہمیں نہیں بتایا تھا کہ ہم بچہ چینی ماں باپ سے گود لے رہے ہیں یا کورین سے۔ چونکہ ہم انہیں چین میں ملے تھے اور وہیں بچہ گود لیا تھا چنانچہ ہم انہیں چینی سمجھے اور ان سے کیے گئے وعدے کے مطابق بچے کو چینی زبان اور ثقافت سکھاڈالی۔ “خاتون کی یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جسے اب تک 28لاکھ سے زائد لوگ لائیک کر چکے ہیں۔