اوسلو(عقیل قادر) ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی اردو ادب سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ناروے اور بالخصوص اوسلو میں اردو سے محبت کرنے والوں کی لمبی فہرست موجود ہے جنہوں نے اردو زبان کو ناروے میں زندہ رکھا ہوا ہے۔ اکرم ملک میتلا پاکستان کے معروف فلم ڈائریکٹر ہیں جو گذشتہ کچھ سالوں سے ناروے میں مقیم ہیں۔ان کی کتاب کی تقریب رہنمائی نوزائیدہ تنظیم آرٹ اینڈ کلچر ناروے کے زیر اہتمام منعقد کی گئی جس کی صدارت فلمی دنیا کی معروف شخصیت مصطفی قریشی نے کی جبکہ معزز مہمانوں میں ایم پی اے خالد محمود، حمزہ شہباز کے پرسنل پولیٹیکل سیکریڑی وسیم قادر، صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف شاعر جمشید مسرور، شاہد جمیل، معروف سیاسی و سماجی رہنما عامر جاوید شیخ، صوفی محمد انوراور ڈاکٹر ندیم شامل ہیں۔ تقریب رونمائی میں عوام الناس کے علاوہ بڑی تعداد میں ادب و فن سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کر کے تقریب کی رونق کو دوبالا کیا۔ تقریب کا آغاز اویس ثاقب نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ مہمان خصوصی مصطفی قریشی نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے اکرم ملک میتلا کو ان کی اس اعلیٰ ادبی کاوش پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انہوں نے اپنی کتاب بہت خوبصورت اور منفرد انداز میں لکھی ہے اور انکی یہ کاوش ادبی حلقوں میں اپنا منفرد مقام پیدا کرنے میںیقینی طور پر کامیاب ہو گی ۔ عوام کی پُرزور فرمائش پر انہوں نے فلم مولا جٹ کا معروف ڈائیلاگ نواں آیاں اے سوہنا بھی بولااور تقریب میں شریک خواتین و حضرات سے تالیوں کی صورت میں خوب داد وصول کی۔اس موقع پر ناروے کی معروف سیاسی شخصیت اور اوسلو سٹی کونسل کے ایم پی اے خالد محمود نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جامع انداز میں کتاب کا احاطہ کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔اکرم ملک میتلا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے بالخصوص آرٹ اینڈ کلچر ناروے کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب کو منعقد کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس موقع پر مصطفی قریشی اور وسیم قادر کا پاکستان سے تشریف لانے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔تقریب رونمائی سے صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف شاعر جمشید مسرور، سید حید ر حسین ، صوفی انوراورسید مجاہد علی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اکرم ملک میتلا نے اپنی اس کتاب میں ایک جدت اور انفرادیت قائم کی ہے جو ان کی صلاحتیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض ناروے میں مقیم معروف شاعرادریس لاہوری نے احسن انداز میں سر انجام دئیے