اوسلو(عقیل قادر) ویمن لیگ جماعت اہلسنت اوسلو کے زیر اہتمام 25 ویں سالانہ میلاد النبی کانفرنسﷺ کا انعقاد کیا گیا جس میں دورو نزدیک سے بڑی تعداد میں دختران اسلام نے شرکت کی۔میلاد کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت میمونہ بتول نے حاصل کی۔ بارگاہ رسول ﷺ میں نعت شریف پڑھنے کی سعادت نسیم بٹ ، فرح ناز، سلمیٰ الیاس ، سعیدہ منیر ، چھوٹی بی بی جان اور اہلسنت نعت کونسل کی بچیوں نے حاصل کی۔ پروگرام کی مہمان خصوصی سفیر پاکستان محترمہ رفعت مسعود صاحبہ تھیں جبکہ خصوصی خطاب محترمہ سیدہ بی بی جان نے کیا۔ میلاد پروگرام کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا پہلے حصے میں نارویجن زبان میں جبکہ دوسرے حصے میں اردو میں تقاریر کی گئیں۔ محترمہ رفعت مسعود صاحبہ نے شریعہ کورس کا پہلا سیمسٹر مکمل کرنے والی بچیوں میں اسنادتقسیم کیں۔ سیدہ چھوٹی بی بی جان کے دو سالہ تجوید و قراٗت کورس نمایاں پوزیشن سے مکمل کیا جس پر سفیر پاکستان رفعت مسعود صاحبہ نے اُن کی چادر پوشی کی اور شیلڈ پیش کرتے ہوئے ڈھیروں دعاؤں سے نوازا۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دختران اسلام کو میلاد النبیﷺ کی مبارکباد پیش کی اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیار غیر میں رہتے ہوئے بھی مسلمانوں کا اللہ اور اسکے رسول ﷺ کے ساتھ گہرا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم نارویجن لوگوں کے ساتھ بھی اچھے تعلقات قائم رکھیں اور انہیں اسلام کا مثبت چہرہ دکھائیں۔ سیدہ بی بی جان نے خطاب کرتے ہوئے رسالت مآب ﷺ کی صورت اور سیرت پر روشنی ڈالی اور فرمایا کہ حضور ﷺ کو اللہ پاک نے اعلیٰ ترین سیرت اور بے مثال صورت سے نوازا تھا یہی وجہ تھی کہ منکرین اسلام جب آپکی صورت دیکھتے یا آپ کی مجلس اختیار کرتے تو حلقہ بگوش اسلام ہو جاتے۔تقریب میں دیگر مراکز سے بھی خواتین نے شرکت کی جن میں ورلڈ اسلامک مشن، منہاج القرآن، یس ہائیم مسلم سنٹر، فیورست مسلم سنٹر، سوندرے نورشتند مسلم سنٹر اور دیگر شامل ہیں۔ کانفرنس میں نقابت کے فرائض آفرین فاروق اور شبانہ رضوان نے احسن انداز میں سر انجام دیئے۔