ناروے۔ ہیومین سروسز ناروے کے زیر اہتمام سانحہ لاہور کی یاد میں تقریب کا اہتمام اور مقررین کی دہشت گردی کی شدید مذمت
اوسلو(عقیل قادر)دنیا بھر کی طرح ناروے میں بھی سانحہ لاہور میں شہید ہونے والوں کی یاد میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ ہیومن سروسز ناروے نے اوسلو میں سانحہ لاہور اور دنیا بھر میں دہشت گردی سے جاں بحق ہو جانے والوں کی یاد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں اوسلو کی مذہبی، سیاسی اور سماجی تنظیمات کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز مفتی محمد زبیر تبسم نے قرآن پاک کی تلاوت سے کیا جبکہ رسول اکرم ﷺ کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت کی سعادت چوہدری سجاد داد نے حاصل کی۔ تقریب سے چوہدری محمد حسین، اطہر علی، وسیم شہزاد، ڈاکٹر مبشر بنارس، سید سبطین شاہ، میاں صفدر، چوہدری خالد تھتھال، آفتاب وڑائچ ، خالد کسانہ اور چوہدری غلام سرور نے خطاب کیا۔
مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور دنیا بھر میں جاری تشدد اور دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، وہ انسانیت اور اسلام کے دشمن ہیں کیونکہ دہشتگرد اسلام کے نام پر کاروائیاں کر کے معصوم اور بے گناہ لوگوں کو قتل کر رہے اور جو اسلام کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی کاروائیوں سے سب سے زیادہ متاثر یورپ میں بسنے والے مسلمان ہو رہے ہیں اور بالخصوص حجاب استعمال کرنے والی مسلمان خواتین سے امتیازی سلوک کیا جاتا ہے۔ چوہدری غلام سرور کوارڈ ینیٹر ہیومن سروسز اور جنرل سیکریڑی خالد کسانہ نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام احباب کا شکریہ ادا کیا۔ مولانا محبوب الرحمن نے شہدائے لاہور اور دنیا بھرمیں جاں بحق ہونے والوں کے دراجات کی بلندی اور لواحقین کے صبر و جمیل کے لیے خصوصی دعا کی جبکہ دہشتگردی میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں۔تقریب میں شریک شرکاء نے گفتگو کرتے ہوئے دہشتگردی کو اسلام اور انسانیت کا دشمن قرار دیا۔