چین اور ایران کے درمیان 25 سالہ تعاون کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔
تہران میں طے پانے والے معاہدے کی دستاویز پر ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف اور ان کے چینی ہم منصب وانگ ژی نے دستخط کیے۔معاہدے کے تحت چین 25 سال کے دوران ایران میں 400 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سید خاطبزادے کے مطابق باہمی تعاون کے معاہدے میں سیاسی ، معاشی اور سٹریٹجک امور شامل ہیں۔ اس معاہدے کی تجویز چینی صدر شی جن پنگ نے 2016 میں اس وقت دی تھی جب وہ ایران کے دورے پر آئے تھے۔
ایران کے برازیل میں تعینات سفیر نے 25 سالہ تعاون کے معاہدے کے حوالے سے کہا کہ یہ معاہدہ نیو ورلڈ آرڈر کی بنیاد بن سکتا ہے۔ ایک ایسا ورلڈ آرڈر جس میں ایشیائی اقدار کی بہت زیادہ عزت ہوگی۔