وٹامن ڈی ہماری صحت کے لیے ناگزیر اور کئی طبی فوائد کا حامل ہے۔ اب سائنسدانوں نے اس کے متعلق ایک اور انتہائی مفید بات بتا دی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے 25ہزار لوگوں پر کی گئی تحقیق کے نتائج میں بتایا ہے کہ جو لوگ روزانہ وٹامن ڈی کی ایک خوراک لیتے ہیں انہیں انتہائی مرحلے کا جان لیوا کینسر لاحق ہونے کا خطرہ 17فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ جو لوگ موٹاپے کا شکار نہ ہوں اور ان کا باڈی میس انڈیکس نارمل ہو، ان کے لیے وٹامن ڈی کی ایک خوراک روزانہ لینے کا فائدہ اس سے دو گنا زیادہ ہوتا ہے۔ انہیں جان لیوا نوعیت کا کینسر لاحق ہونے کا خطرہ 38فیصد کم ہو جاتا ہے۔تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر پاﺅلے شینڈلر کا کہنا تھا کہ ”وٹامن ڈی عام دستیاب اور بہت سستا سپلیمنٹ ہے تاہم اس کے طبی فوائد اس قدر زیادہ ہیں کہ ہر شخص کو اس کی ایک خوراک روزانہ لازمی لینی چاہیے۔یہ کینسر کے خلیوں کی بڑھوتری کے خلاف مزاحمت کرتا اور انہیں پھیلنے سے روکتا ہے۔“