ارب پتی افراد کی دولت کا تخمینہ پیش کرنے والے فوربز میگزین نے چین کے خود مختار شہر ہانگ کانگ کے ارب پتی افراد کی فہرست جاری کردی۔
فوربز کے مطابق 2020 کے دوران ہانگ کانگ کی معیشت میں 6.1 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جو 1998 کے بعد کی کم ترین سطح ہے لیکن سٹاک مارکیٹ نے معیشت کو سنبھالا دیا۔ سٹاک میں آنے والی پانچ فیصد تیزی نے ہانگ کانگ کے ارب پتی افراد کی گنتی کو 50 تک پہنچا دیا۔ ان ارب پتی افراد کی دولت میں گزشتہ 13 ماہ کے دوران ساڑھے سات فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد ان کی مجموعی دولت گزشتہ سال کے 308 ارب ڈالر سے بڑھ کر 331 ارب ڈالر ہوگئی۔
ہانگ کانگ ایک ایسا شہر ہے جہاں رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے وابستہ افراد خوب نوٹ چھاپتے ہیں لیکن کورونا کی وجہ سے انہیں بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ۔ ہانگ کانگ کے امیر ترین 50 میں سے 27 افراد ایسے ہیں جو رئیل اسٹیٹ سے وابستہ ہونے کی وجہ سے خسارے میں رہے تاہم ہانگ کانگ کے ’سپرمین‘ لی کاشنگ نے ویڈیو کالنگ ایپلی کیشن زوم میں سٹاک سے خوب منافع کمایا اور اپنی دولت میں 20 فیصد اضافے کے ساتھ دوبارہ شہر کے امیر ترین شخص بن گئے۔فوربز کے مطابق 92 سالہ لی کا شنگ 35.4 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ ہانگ کانگ کے امیر ترین شخص ہیں۔