یورپی ملک آسٹریا میں ایک نوجوان کے ساتھ عجیب و غریب بدقسمتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔چند دن قبل اس کا بٹوہ گم ہو گیا، لیکن پھر پولیس نے یہ بٹوہ ڈھونڈ نکالا۔ اور حسن اتفاق دیکھئے کہ بٹوے میں ایک ایسی چیز موجود تھی کہ جسے دیکھتے ہی پولیس اس نوجوان سے ملنے کے لئے بے تاب ہو گئی، فوری گرفتار جو کرنا تھا!
معاملہ کچھ یوں ہے کہ نوجوان کے بٹوے میں 50 یورو کے پورے 10 جعلی نوٹ تھے، اور ساتھ ہی اس کا شناختی کارڈ بھی موجود تھا۔ اس نوجوان نے خود تو بٹوے کی گمشدگی کی رپورٹ نہیں کروائی تھی مگر شناختی کارڈ کی مدد سے پولیس اس تک پہنچ گئی۔
نوجوان کو گرفتار کیا گیا اور تفتیش میں پتا چلا کہ اُس نے یہ جعلی نوٹ ڈارک ویب پر خریدے تھے اور ان سے منشیات خریدنا چاہتا تھا۔ پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا تو پتا چلا کہ ڈارک ویب پر جعلی نوٹ فروخت کرنے والے شخص کا تعلق پولینڈ سے تھا۔ اس معاملے کی خبر پولینڈ کی پولیس کو دی گئی اور بتایا جاتا ہے کہ اب پولینڈ میں اُس مجرم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جو ڈارک ویب کے ذریعے کئی ممالک کی جعلی کرنسی فروخت کر رہا تھا۔