نئے سال کے موقع پر اکثر لوگ اپنے آپ سے کچھ عہدوپیمان کرتے ہیں، کچھ اچھے کام کرنے کے، کچھ بری عادتیں ترک کرنے کے۔ مگر وہ اپنے ایک عزائم پر کب تک کاربند رہتے ہیں؟ اب ماہرین نے منفرد تحقیق میں اس سوال کا ایسا جواب دے دیا ہے کہ سن کر آپ کی ہنسی نکل جائے گی۔ فوکس نیوز کے مطابق ایتھلیٹس کے لیے بنائے گئے سوشل نیٹ ورک سٹراوا (Strava)کی طرف سے کی جانے والی اس تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ لوگ اپنے تئیں بہت پختہ عزائم کرتے ہیں لیکن نئے سال کے پہلے مہینے کی 12تاریخ کو ہی اکثر لوگوں کے ارادے دم توڑ دیتے ہیں اور وہ اپنے عزائم کو بھلا کر پہلی روش پر آ جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس تحقیق میں ماہرین نے متعدد ممالک سے 3کروڑ 15لاکھ لوگوں کا ڈیٹا حاصل کیا۔ یہ ڈیٹا گزشتہ سال کے آغاز پر ان کے عزائم اور پھر ان پر کاربند رہنے کے حوالے سے تھا۔ ڈیٹا کا تجزیہ کرنے سے معلوم ہوا کہ 12جنوری وہ دن تھا جب ان میں سے غالب اکثریت نے نئے سال کے آغاز پر باندھے گئے اپنے ارادے توڑ دیئے۔سٹراوا کے عہدیدار گیریتھ ملز کا کہنا تھا کہ ”نئے سال پر لوگ جو عزائم کرتے ہیں ان پر عمل کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ نئے سال کے آغاز پر ہمارے اردگرد لوگ صحت مند ہونے، وزن کم کرنے، سگریٹ نوشی جیسی کچھ بری عادتیں ترک کرنے کے موضوعات پر بہت باتیں کرتے ہیں لیکن ہم یہ بھی مشاہدہ کر سکتے ہیں کہ دو ہفتے سے بھی کم وقت میں یہ باتیں ختم ہو جاتی ہیں اور لوگ معمول کی زندگی پر واپس آ جاتے ہیں۔“