سٹاک ہوم (عارف کسانہ ؍نمائندہ خصوصی) اخوت فاونڈیشن پاکستان کے سربراہ جناب ڈاکٹر امجد ثاقب جمعہ کے روز سویڈن سے پاکستان کے لئے روانہ ہورہے ہیں۔ وہ گذشتہ ماہ یوم آزادی کی ایک تقریب میں شرکت کے لئے اپنی اہلیہ کے ساتھ سویڈن آئے تھے کہ عارضہ قلب کے باعث انہیں سٹاک ہوم کے ایک ہسپتال میں داخل ہونا پڑا جہاں ان کا بائی پاس آپریشن ہوا۔ اب وہ مکمل طور پر رو بصحت ہیں اور واپس پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے سویڈن میں قیام اور اپنی علالت کے دوران تیماری داری اور مہمان نوازی پر سفیر پاکستان جناب طارق ضمیر کا بہت شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا سفیر پاکستان نے انہیں اپنے گھر میں نہیں بلکہ اپنے دل میں رکھا جس کے لئے وہ ان کے بے حد ممنون ہیں۔ انہوں نے سویڈن کی پاکستانی کمیونیٹی اور ہسپتال کے عملہ کا بھی شکریہ ادا جنہوں نے ان کی دیکھ بھال میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سویڈن کے نظام صحت سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونیٹی نے انہیں اپنی دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا اور ان کے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اخوت فاؤنڈیشن کے انسانی خدمت کے لئے ان کی جدوجہد کو بہت سراہتے ہوئے اخوت یونیورسٹی کی تعمیر کے لئے بھر پور مدد کا وعدہ کیا۔