فائزر کمپنی نے اپنی کورونا ویکسین کے بارے میں کلینیکل ٹرائیلز میں بتایا تھا کہ یہ 95فیصد موثر ثابت ہوئی ہے۔ اب دنیا میں پہلی بار بڑے پیمانے پر اس ویکسین کو لوگوں کو لگائے جانے کے بعد کمپنی کے اس دعوے کی تصدیق ہو گئی ہے۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیل میں لوگوں کو بڑے پیمانے پر فائز ر کمپنی کی کورونا ویکسین دی جا رہی ہے۔ اسرائیل کی ہیلتھ کیئر سروسز کی طرف سے پہلے تجزئیے میں بتایا گیا ہے کہ دوسری بار ویکسین دیئے جانے کے ایک ہفتے بعد صرف 0.015فیصد لوگ کورونا وائرس میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ باقی لوگوں پر یہ ویکسین مو¿ثر ثابت ہو رہی ہے اورانہیں یہ وائرس لاحق نہیں ہو رہا۔
اسرائیلی ہیلتھ سروسز نے 1لاکھ 28ہزار 600لوگوں کو ویکسین لگانے کے بعد ان کے ایک ہفتے بعد ٹیسٹ کیے اور ان میں سے صرف 20لوگوں کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ اسرائیلی ماہر سائریلی کوہن کا کہنا تھا کہ ”اگرچہ یہ نتائج کسی کنٹرولڈ تحقیق کی صورت میں سامنے نہیں آئے مگر پھر بھی ان اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ فائزر کی ویکسین 95فیصد سے زائد موثر ثابت ہو رہی ہے۔ اسرائیلی شہریوں پر اس کے نتائج انتہائی خوش کن سامنے آ رہے ہیں اور اگر ایسے ہی نتائج ویکسین دیئے جانے کے ایک سے زائد ہفتوں کے بعد بھی سامنے آئے تو یہ ویکسین فائزر کمپنی کی توقعات سے زیادہ موثر قرار پائے گی۔“