وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں جو کردار ادا کر رہی ہے وہ لائق تحسین ہے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور زندگی کے ہر شعبے میں یکساں مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہم سب نے اپنی صفوں میں اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اقلیتی برادری کے ممبران قومی اسمبلی نے ملاقات کی ،ممبران میں جے پرکاش، شنیلہ رتھ، لعل چند، رمیش کمار، جمشید تھامس شامل تھے۔ وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری اور پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ممبران نے وزیراعظم کو اپنے متعلقہ حلقوں، خصوصا اقلیتی برادری سے متعلقہ امور کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں جو کردار ادا کر رہی ہے وہ لائق تحسین ہے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور زندگی کے ہر شعبے میں یکساں مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے- ہم سب نے اپنی صفوں میں اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور اس ضمن میں مجوزہ قانون سازی کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں، اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے حوالے سے فنڈذ جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔