عارف محمود کسانہ
خان صاحب بہت مبارک ہو۔ آپ واقعی مرد میدان ثابت ہوئے۔ آپ کی انتھک جدوجہد اور عزم مسلسل نے اس عظیم کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔ دو دہائیوں سے جاری آپ کی محنت رنگ لائی ہے اور قوم نے آپ کو اپنا قائد منتخب کرنے کا فیصلہ دے دیا ہے۔پاکستان کے عوام بھی مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے سخت گرمی اور مشکل ترین حالات کے باوجود جمہوریت کو مضبوط کیا ہے اور مذہبی، لسانی اور علاقائی تعصبات پھیلانے والی جماعتوں کو مسترد کردیا ہے۔تحریک انصاف نے اگرچہ بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے جس پر آپ کے کارکن مبارک باد کے مستحق ہیں لیکن آپ کا اصل امتحان اب شروع ہوا ہے جس کی طرف جائما خان نے اشارہ کیا ہے کہ اس مقصد کو مدنظر رکھیں کہ آپ سیاست میں کیوں آئے تھے۔ آپ کا سب سے پہلا امتحان یہ ہوگا کہ آپ اپنی کون سی ٹیم میدان میں اتارتے ہیں۔ عوام کو توقع ہے کہ آپ اپنے بہترین ساتھیوں کو ہی کابینہ میں شامل کریں گے۔ سب کی نظریں آپ کے پہلے’’ ایک سو دن کے منصوبہ ‘‘پر ہے کہ آپ اس پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔امید ہے کہ آپ اپنے سیاسی نظریات کو ہمیشہ ملحوظ نظر رکھیں۔ اداروں کومضبوط اور انہیں سیاسی اثر رسوخ سے پاک رکھنے کا عزم پورا کریں۔ توقع ہے کہ عوام کو صحت، تعلیم، انصاف اور بنیادی ضروریات ان کی دہلیز پر ملیں گی۔ احتساب کا منظم نظام وضع کریں گے جو سیاسی اثر رسوخ کے بغیر کام کرسکے گا۔ بلدیاتی اداروں کے انتخابات جلد یقینی بنائیں اور انہیں مالیاتی خود مختار ی دیں۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین کا کام صرف قانون سازی ہو اور انہیں کسی قسم کے بھی ترقیاتی بجٹ نہ دئیے جائیں۔ اراکین اسمبلی کی حکومتی اداروں میں عدم مداخلت کو یقینی بنائیں۔ آپ کی منزل ایک فلاحی مملکت ہے اور آپ نے ہمیشہ سویڈن کی مثال دی ہے۔سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونیٹی آپ کو سویڈن کے دورہ کی دعوت دیتی ہے تاکہ آپ اس نظام کو خود دیکھ سکیں۔ آپ اپنی ٹیم کے اہم اراکین کو بھی سویڈن کے مطالعاتی دورہ پر بھیج سکتے ہیں تاکہ وہ اپنے مشاہدہ کو برائے کار لاتے ہوئے پاکستان کو بھی ایک فلاحی مملکت کی جانب گامزن کرسکیں۔
عوام کو اس حقیقت کا دراک ہے کہ آپ مشکل ترین حالات میں ملک کی ذمہ داری اٹھا رہے جب معیشت زبوں حالی کا شکار ہے۔ بڑھتے ہوئے غیر ملکی قرضے، روپے کی گرتی ہوئی قدر ، مہنگائی اور دوسرے مہیب مسائل منہ کھولے بیٹھے ہیں۔ آپ نظام بدلنے کا عزم رکھتے ہیں تو یقیناًبنیادی تبدلیاں لانا ہوں گی۔ ہر سطح پر بچت کو اپنانا ہوگا اور حکومتی اداروں اور ریاستی اہلکاروں کودی گئی کھلی چھوٹ اب روکنا ہوگی۔ اندرون اور بیرون ملک ریاستی اہلکاروں کو حاصل مراعات کا جائیزہ لینے کی ضرورت ہے۔ فکر اقبال سے آپ کی وابستگی اور قائد اعظم کے نظریات کے مطابق پاکستان کی تشکیل نو خوش آئند ہے اور توقع ہے کہ آپ ایسا نظام تعلیم وضع کریں گے جس میں پیغام اقبال ہر سطح پر شامل ہوگا ۔نقاش پاکستان چوہدری رحمت علی کے جسد خاکی کو برطانیہ سے پاکستان منتقل کرنے کا اعلان قابل تحسین ہے اور امید ہے اس کی سعادت بھی آپ کی حکومت کو جلد مل سکے گی۔ جموں کشمیر کے عوام کے حق خود آرادیت کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے اورمسئلہ کشمیر کو قائد اعظم کی تعلیمات کی روشنی میں حل کرنے کی کو شش کریں گے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور دوہری شہریت رکھنے والوں کو ووٹ کا حق دیں گے۔خان صاحب اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی عوام نے آپ کو یہ موقع دیا ہے تو اسے ہاتھ سے جانے نہ دیں۔ حکومت تو آنی جانی چیز ہوتی ہے آپ ان مقاصد کے لیے کام کریں جن کا وعدہ آپ نے عوام سے کیا ہے اور اس کامیابی کے بعد اب قوم کی تنظیم نو کریں۔ پاکستانی ایک زبردسست قوم ہے جو مشکل ترین حالات کا سامنا کرنا جانتے ہیں۔ یہ قوم بھوک،پیاس اور سخت موسم کے باوجود کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ قوم وسائل اور سہولتوں کی عدم دستیابی کے باوجود بہتر کام کرنے کر سکتی ہے۔ یہ دنیا کی ایک عظیم قوم ہے اسے صرف تربیت اور منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ خدا نے آپ کو یہ صلاحیت دی ہے کہ آپ قوم کو منظم کریں اور اسے ایک وقار اور اعلیٰ تربیت کی حامل قوم بنائیں۔