امریکہ پر قدرتی آفت ٹوٹ پڑی ہے اور اس کی شمال مشرقی ریاستوں میں سمندری طوفان اور تاریخ کی شدید ترین برفباری نے تباہی مچا رکھی ہے۔ اس قدرتی آفت کے باعث اب تک 19افراد اس قدرتی آفت میں جاں بحق ہو چکے ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا سنگین خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق بوسٹن میں تاریخ کا بدترین سیلاب آیا ہے جہاں پانی کی سطح 15فٹ تک بلند ہو گئی ہے اور اوپر سے شدید برفباری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں کے بیشتر شہروں کی سڑکیں اور گلیاں برف سے ڈھکی ہوئی ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق اس تباہ کن قدرتی آفت کو ’بم طوفان‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے باعث ساحلی علاقوں میں 76میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ بوسٹن میں سیلاب کی صورتحال سب سے زیادہ سنگین ہے۔ اس سے قبل ایسا خطرناک سیلاب 1978ءمیں آیا تھا۔ ہلاکتوں میں تین افراد نارتھ کیرولینا، ایک ساﺅتھ کیرولینا، دو ورجینیا جبکہ باقی دیگر علاقوں میں ہوئیں۔سیلاب اور برفانی طوفان کے باعث 5ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں اور شہر میں بیرونی و زیرزمین ٹریفک بھی تعطل کا شکار ہے۔حکام کے مطابق اس تباہ کن طوفان کے مابعد نتائج موجودہ صورتحال سے کہیں زیادہ خوفناک ہوں گے۔
Recent Comments