امریکہ کی مسلح افواج کو دہشتگرد قرار دینے کا بل منظور کرلیا گیا

امریکہ کی مسلح افواج کو دہشتگرد قرار دینے کا بل منظور کرلیا گیا

ایران کی پارلیمنٹ نے امریکہ کی تمام مسلح افواج کو دہشتگرد قرار دینے کا بل منظور کرلیا ہے۔ ایران کی پارلیمان نے یہ فیصلہ امریکہ کے اس اعلان کے رد عمل میں کیا ہے جس میں امریکہ نے ایران سے تیل خریدنے کی پابندی پر استثنیٰ ختم کردیا تھا۔

گزشتہ ہفتے ایرانی پارلیمنٹ نے ایک اور بل منظور کیا تھا جس میں امریکہ کے صرف ان فوجیوں کو دہشتگرد قرار دیا گیا تھا جو مشرق وسطیٰ میں تعینات ہیں۔ یہ قدم امریکہ کے اس اعلان کے بعد اٹھایا گیا تھا جس میں ایران کے پاسداران انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دیا گیاتھا۔

منگل کے روز امریکہ کی مسلح افواج کو دہشتگرد قرار دینے کا بل پیش کیا گیا ۔ ایران کی پارلیمنٹ کے ارکان کی تعداد 290 ہے تاہم اس بل کے وقت 215 لوگ پارلیمان میں موجود تھے جن میں سے 173 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ لیا ۔ امریکی افواج کو دہشتگرد قرار دینے کا بل 169 ووٹوں سے منظور ہوگیا جبکہ ووٹنگ میں حصہ لینے والے 4 ارکان نے اس کی مخالفت کی۔

اس بل میں کہا گیا ہے کہ امریکی سینٹ کام کو ملٹری یا نان ملٹری معاونت کو دہشتگردانہ فعل سمجھا جائے گا۔ بل میں ایرانی حکومت سے امریکی پابندیوں کی حمایت کرنے والے ممالک سعودی عرب، بحرین اور اسرائیل کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

ایرانی قانون سازوں نے انٹیلی جنس ایجنسیوں سے یہ درخواست بھی کی ہے کہ امریکی سینٹ کام کے تمام افراد کی لسٹ مہیا کی جائے تاکہ ان کے خلاف عدالتوں میں مقدمات چلا کر انہیں دہشتگردی کی سزائیں سنائی جاسکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں