امریکہ کے فوجی ہتھیاروں میں سب سے مہلک اور خطرناک ہتھیار بی ٹو سپرٹ سٹیلتھ بمبار طیارہ ہے جس نے مسوری میں وائٹ مین ائیر فورس بیس پر ہنگامی لینڈنگ کی ، حکام نے 6 میل کے دائرے تک علاقے کو نو فلائی زون قرار دے دیا ۔
ڈیلی میل کے مطابق بی ٹو سپرٹ سٹیلتھ بمبار طیارے کی قیمت دو بلین ڈالرز ہے ، حکام نے بتایا کہ پائلٹوں کو معمول کی تربیت کے دوران پرواز میں خرابی کے بعد لینڈنگ کرنا پڑی، بمبار طیارے کے اترنے کے بعد کوئی زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی آگ لگی، یہ ابھی تک معلوم نہیں ہے کہ وائٹ مین بیس پر B2 بمبار کو کس حد تک نقصان پہنچا، کے ایم بی سی کے مطابق یہ طیارہ 1993 سے اڈے پر موجود ہے۔
ایمرجنسی لینڈنگ کا واقعہ رات 12 بجکر 30 منٹ کے قریب پیش آیا جس کے بعد 6 کلو میٹر کے دائرے کے علاقے کو نو فلائی زون قرار دے دیا گیا ۔ایف اے اے نے کہا کہ یہ پابندی حادثے کی تفتیش کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرے گی اور 17 ستمبر کو رات 8 بجے اٹھائی جائے گی۔
بی ٹو بمبار طیارے صرف 21 عدد طیار ے تیار کئے گئے تھے جن میں سے ایک 2008 میں گوام میں ایک حادثے کے بعد تباہ ہو گیا تھا جس کے بعد اب صرف 20 باقی بچے ہیں ۔
وائٹ مین کے تین دیگر B2 سپرٹ طیارے ناروے کی حکومت کے ساتھ آپریشن کا حصہ تھے جو رواں سال کے آغاز میں آئس لینڈ میں تعینات تھے ۔