نیویارک کی رہائشی ایک امریکی خاتون چند ماہ قبل اٹلی منتقل ہوگئی، اسے میکسیکن کھانے بہت پسند تھے جو اٹلی میں کم میسر تھے۔ گزشتہ دنوں وہ ایک ریسٹورنٹ گئی جہاں اسے مینیو پر چپس اور سالسہ نظر آ گئے اور اس نے فوری طور پر یہ میکسیکن فوڈ آرڈر کر دیا تاہم جب کھانا اس کے سامنے آیا تو وہ یہ دیکھ کر دنگ رہ گئی کہ سالسے کی جگہ کچھ اور ہی آ گیا تھا۔
برنز نامی اس خاتون نے ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں اپنے اس مضحکہ خیز تجربے کے بارے میں بتایا ہے کہ ”میں نہیں جانتی تھی کہ سالسہ اٹلی زبان میں یکسر مختلف چیز کو کہتے ہیں۔“
کیسی برنز کا کہنا تھا کہ ”ایک امریکی شہری کے طور پر میں جانتی ہوں کہ اٹلی کے ہوٹلوں میں مینیو پر چپس اور سالسہ دستیاب ہونا ایک نادر بات ہے، چنانچہ جب میں نے یہ الفاظ مینیو پر دیکھے تو فوری طور پر آرڈر کر دیا اور جب تک یہ چیزیں میرے سامنے نہیں آئیں ، میں خیال میں ہی میکسیکن فوڈ سے لطف اندوز ہوتی رہی مگر جب ویٹرس میرے سامنے یہ چیزیں لائی تو کیا دیکھتی ہوں کہ چپس کے ساتھ سالسہ کی بجائے مائیونیز اور کیچپ کے دو پیکٹ ٹرے میں رکھے تھے۔
جب میں نے ویٹرس سے اس حوالے سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ اٹلی زبان میں سالسہ ’چٹنی‘ (Sauce)کو کہتے ہیں۔“