انڈے نا صرف باہر سے مختلف رنگ کے ہو سکتے ہیں، مثلاً سفید یا براؤن، بلکہ ان کی زردی کی رنگت میں بھی فرق ہو سکتا ہے۔ بیرونی رنگت کا اگرچہ مرغیوں کی خوراک سے کوئی تعلق نہیں لیکن زردی کی رنگت کا انحصار بڑی حد تک اسی بات پر ہوتا ہے کہ مرغیاں کس طرح کی خوراک کھا رہی ہیں۔
ویب سائٹ theheartysoul.comکے مطابق انڈے کی زردی کی رنگت بالکل زرد سے لے کر نارنجی مائل زرد اور حتٰی کہ گہرے نارنجی رنگ کی ہو سکتی ہے۔ اگر آپ کو انڈے پسند ہیں تو یقیناً آپ جاننا چاہیں گے کہ مختلف رنگت کی زردی کا کیا مطلب ہے۔
اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زردی کی رنگت کا انحصار دراصل اس بات پر ہے کہ مرغی کس قسم کی خوراک کھا رہی ہے۔ اگر مرغی آزاد ماحول میں سبز پودوں، مکئی اور لوسرن جیسی اشیاء سے حاصل ہونے والی خوراک کھاتی ہے تو اس کے انڈے کی رنگت گہری نارنجی مائل زرد ہو گی۔اس کے برعکس جن مرغیوں کی غذا گندم، جو، مکئی کا سفید آٹا یا ان سے ملتی جلتی اشیاء ہوں ان کے انڈے کی زردی بالکل زرد ہوتی ہے۔
آزاد ماحول میں پلنے والی مرغیوں کی خوراک مندرجہ بالا دو اقسام میں سے جو بھی ہو، بہرحال ان کا گوشت اور انڈے پولٹری فارم میں پرورش پانے والی مرغیوں کے گوشت اور انڈوں سے غذائیت میں بہتر ہوتے ہیں۔ پولٹری فارم میں مرغیوں کو دی جانے والی غذا جہاں ایک جانب قدرتی ماحول میں دستیاب غذا جیسی صحت بخش نہیں ہوتی وہیں یہ خدشہ بھی موجود ہوتا ہے کہ اس میں اینٹی بائیوٹک اجزاء کی بھرمار ہو، جو انسانی صحت کے لئے مضر ثابت ہوتے ہیں۔