کورونا وائرس سے پریشان دنیا کے چالیس ممالک کو آج ایک ہی پریشانی نے گھیر لیا۔ چالیس ملکوں میں آج کورونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہواہے۔
برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چالیس ممالک نے آج ایک دن میں گزشتہ ایک ہفتے میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آنے کاانکشاف کیا ہے۔
کئی ملکوں میں گزشتہ دنوں سے دگنے کیسزسامنے آئے۔
جن ملکوں میں آج کورونا کیسز کا ریکارڈ اضافہ ہوا ان میں امریکہ، برازیل ، بھارت ، آسٹریلیا، جاپان، ہانگ کانگ، بولیویا، سوڈان، ایتھوپیا، بلغاریہ بیلجئم ، ازبکستان اور اسرائیل شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جن ممالک میں وقت سے پہلے لاک ڈاون میں نرمی کی گئی وہاں کورونا کی دوسری لہر نے شدت سے حملہ کیاہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روس کہتے ہیں کہ ہم پہلے والی لہر کے دوران اپنائے گئے اقدامات نہیں دہرا سکتے، کورونا کی پہلی لہر نے ہی ہماری زندگیاں بدل دی ہیں۔
انہوں نے کہاہم ہر ایک کو کہہ رہے ہیں کہ وہ جو کررہے ہیں اور جس سے مل رہے یہ زندگی اور موت کا فیصلہ ہے۔
رائٹرز کے مطابق سات ممالک ایسے ہیں جہاں تین ہفتے پہلے سے ہی کورونا کے کیسز ڈبل ہونا شروع ہوگئے تھے۔ 13 ملکوں میں 2ہفتے قبل سے جبکہ 37 ملک ایسے ہیں جہاں رواں ہفتے کورونا کیسز کی یومیہ تعداد دگنی ہوتی چلی گئی۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے یومیہ متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ سامنے آیا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق جمعہ کے روز 284،196 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی۔ اموات کی تعداد میں 9،753 کا اضافہ ہوا ، جو 30 اپریل کے بعد سے یومیہ تعداد میں سب سے بڑا اضافہ تھا۔
اس سے قبل متاثرین کی ریکارڈ تعداد (259،848) 18 جولائی کو سامنے آئی تھی۔ملک کے لحاظ سے نئے متاثرین کی تعدادامریکہ میں 69,641، برازیل میں 67,860،انڈیا میں 49,310جب کہ جنوبی افریقہ میں 13,104 رہی۔
خیال رہے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 56 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک اس مرض کے باعث چھ لاکھ 39 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں متاثرین کی تعداد دو لاکھ 71 ہزار جبکہ ساڑھے پانچ ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔ متاثرین کے اعتبار سے سندھ سب سے متاثرہ صوبہ ہے جبکہ سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں۔
دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہے جہاں کم از کم 40لاکھ سے زائدافراد اس مرض سے متاثر ہیں جبکہ وہاں اب تک ایک لاکھ 42 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔