صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا پر اکاؤنٹس معطلی کے بعد ان کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے سپیس ایکس کے سربراہ ایلن مسک سےمطالبہ کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ایک نیا پلیٹ فارم لے کر آئے جو ‘ٹوئٹر’ کو پیچھے چھوڑ کر آزادی اظہار رائے کو تحفظ دے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ایک متعصب اور جانبدارانہ پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے دنیا کے امیر ترین شخص ایلن مسک سے نئے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا جو غیر جانبدار ہو۔ یہ مطالبہ ان کی جانب سے اس وقت سامنے آیا ہے جب ان کے والد ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اور فیس بک اکاؤنٹس کومعطل کر دیا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کا کہنا تھا کہ ہمیں کچھ ایسے پلیٹ فارم لانے چاہئیں جس سے یکطرفہ سنسر شپ کی روک تھام ہو، ایک فرد کو ہدف بنایا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ صدر ٹرمپ کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور فیس بک اکاؤنٹس کو کیپیٹل ہل میں ہنگامہ آرائی کے بعد ہمیشہ کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔