کم عمری میں کوئی مرد گنجا ہو جائے یا بہت جلد بال سفید ہو جائیں تو ظاہری شکل خراب ہونے پر اس کی نیند تو ویسے ہی اڑ جاتی ہے لیکن اب جدید تحقیق میں سائنسدانوں نے ان عوامل کا ایک ایسا نقصان بتا دیا ہے کہ ایسے مردوں کی نیندیںسچ میں حرام ہو جائیں گی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یورپین سوسائٹی آف کارڈیالوجی کے سائنسدانوں نے 2ہزار نوجوانوں پر تحقیق کے بعد نتائج میں بتایا ہے کہ ”جو شخص کم عمری میں گنجا ہو جائے یا جس کے بال جلد سفید ہو جائیں اس کے دل کی بیماریوں میں مبتلا ہونے اور ہارٹ اٹیک آنے کے امکانات انتہائی زیادہ ہو جاتے ہیں۔ ایسے افراد میں ان بیماریوں کا خطرہ موٹاپے کے شکار افراد سے بھی زیادہ ہوتا ہے۔“
سائنسدانوں نے تحقیق میں شامل نوجوانوں کے بالوں کی نوعیت اور ان کے طبی ریکارڈ کا تجزیہ کرکے نتائج مرتب کیے جن میں بتایا گیا کہ ”جن لوگوں کے بال کم عمری میں سفید ہو جائیں ان میں دل کی بیماریوں میں مبتلا ہونے کا امکان50فیصد جبکہ جو جلد گنجے ہو جائیں ان میں 49فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ “ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر کمل شرما کا کہنا تھا کہ ”اس کی وجہ ممکنہ طور پر بائیولوجیکل ایجنگ پراسیس ہو سکتا ہے۔ یہ پراسیس جن لوگوں میں تیز ہوتا ہے ان کے بالوں پر بھی اس کے اثرات نمودار ہوتے ہیں۔“