جانوروں کی مالک سے محبت اور وفاداری کو ڈھکی چھپی بات نہیں لیکن منگولیا میں ایک اونٹ نے مالک سے وفا داری کی ایسی مثال قائم کر دی ہے کہ سن کر یقین کرنا مشکل ہو جائے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس عمر رسیدہ اونٹ کو اس کے مالک میاں بیوی نے 9ماہ قبل ایک چرواہے کے ہاتھ فروخت کردیا تھا جو اسے وہاں سے 100کلومیٹر دور اپنے علاقے میں لے گیا مگر اس اونٹ کو پرانے مالکان کی یاد ستانے لگی اور یہ نئے مالک سے فرار ہو کر واپس نکل کھڑا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق صحرا میں کئی ماہ تک سفر کرتے ہوئے یہ اونٹ بالآخر اپنے پرانے مالکان کے علاقے تک پہنچ گیا جہاں ایک گڈرئیے نے اسے پہچان لیا اور اس کے مالکان کو اطلاع دی کہ تمہارا بوڑھا اونٹ واپس آ گیا ہے۔ مالکان گڈریئے کی بتائی ہوئی جگہ کی طرف جا رہے تھے کہ سامنے سے ان کا اونٹ آتا انہیں دکھائی دیا۔ اونٹ کے جسم پر زخموں کے کئی نشانات تھے اور وہ تھکاوٹ سے چور چور تھا اور نجانے کتنے دنوں کا بھوکا پیاسا تھا۔ اس کے مالک میاں بیوی نے فیصلہ کیا کہ اب وہ اس اونٹ کو واپس نہیں کریں گے۔ جب اس کا نیا مالک آیا تو انہوں نے اس بوڑھے اونٹ کی جگہ اسے ایک اور اونٹ دے کر رخصت کر دیا۔ اس اونٹ کی گردن میں انہوں نے ایک کپڑا باندھ دیا جو روایتی طور پر جانوروں کو فیملی ممبر بنانے کی علامت ہوتا ہے۔ گویا اب اس میاں بیوی نے اس اونٹ کو اپنا فیملی ممبر بنا لیا ہے اور عہد کیا ہے کہ اسے کبھی خود سے الگ نہیں کریں گے۔