سوشل میڈیا انفلوئنسرز اب کوئی نئی بات نہیں۔ سوشل میڈیا پر شہرت پانے والے یہ لوگ اس سوشل پلیٹ فارمز سے ماہانہ لاکھوں روپے کماتے ہیں۔ آج ہم آپ کو دنیا کے کم عمر ترین سوشل میڈیا انفلوئنسر سے ملوانے جا رہے ہیں جو محض ایک سال کی عمر میں سوشل میڈیا سے 1ہزار ڈالر (تقریباً 1لاکھ 72ہزار روپے)ماہانہ کما رہا ہے۔
اس بچے کا نام برگز (Briggs)ہے، جس کی پیدائش 14اکتوبر 2020ءکو ہوئی تھی۔ اس کی 28سالہ والدہ جیس ڈیرنگٹن ایک ٹریول بلاگ چلاتی تھی۔ چنانچہ اس نے برگز کے پیدا ہوتے ہی اس کے نام سے بھی ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر اکاﺅنٹس بنا دیئے۔برگز اپنی پیدائش کے بعد سے اپنی ماں کے ساتھ ہی شہر شہر اور قریہ قریہ گھوم رہا ہے اور ہر نئے مقام سے اس کی نئی ویڈیو اس کے اکاﺅنٹس پر پوسٹ کی جاتی ہیں۔ اس کے یہ دونوں اکاﺅنٹس کافی مقبول ہو چکے ہیں اور ان پر سپانسرڈ پوسٹس کے ذریعے برگز ماہانہ ایک ہزار ڈالر سے زائد رقم کما رہا ہے۔برگز کے یہ اکاﺅنٹس ’Where is Briggs?‘ کے نام سے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق برگز اپنی زندگی کے اس پہلے سال میں ہی امریکہ کی 16ریاستوں کی سیر کر چکا ہے۔ وہ صرف 3ہفتے کا تھا جب جیس اسے گھر سے چند گھنٹے کی مسافت پر واقع ایک سیاحتی مقام پر لے گئی تھی۔ وہ 9ہفتے کا تھا جب اس نے اپنا زندگی کا پہلا فضائی سفر کیا۔ وہ اب تک جن 16امریکی ریاستوں میں گھوم چکا ہے ان میں الاسکا، کیلیفورنیا، فلوریڈا، اوٹاہ، ایڈاہو و دیگر شامل ہیں۔برگز کو اپنے اکاﺅنٹس پر سپانسرڈ پوسٹس سے حاصل ہونے والی آمدنی کے علاوہ کئی طرح کے تحائف بھی ملتے ہیں۔ ایک سپانسر اس کے ڈائپر اور وائپس مفت مہیا کرتا ہے۔