پروگرام
راجہ محمد عتیق افسر
اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات ،قرطبہ یونیورسٹی پشاور
03005930098, attiqueafsar@yahoo.com
رمضان المبارک نزول ِ قرآن کا مہینہ اور نیکیوں کا موسم بہار ہے ۔ اس ماہ مبارک میں عبادات کی جانب میلان بڑھ جاتا ہے ۔ تلاوت قرآن، نوافل اور صدقات کثرت سے کیے جاتے ہیں ۔ وطن عزیز پر بھی اس وقت نیکیوں کا موسم بہار ہے ۔ لوگوں کی اکثریت اپنے رب کو راضی کرنے کے لیے تلاوت، نوافل اور صدقات کا اہتمام کر رہی ہے ۔ جگہ جگہ افطاریاں اور سحریاں کرائی جا رہی ہیں ، دسترخوان سجائے جا رہے ہیں ، خیرات کی جارہی ہے، مساجد میں تراویح کا اہتمام ہے ، دروس قرآن و حدیث کا اہتمام ہے ۔ اس پاکیزہ ماحول کا لطف دوبالا کرنے کے لیے جماعت اسلامی حیات آباد نے بھی اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے باغ ناران میں تراویح اور درس قرآن کا اہتمام کیا ہے ۔ خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نماز تراویح اور درس قرآن سے مستفید ہوتی ہے ۔ اس پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ نماز تراویح خوش الحان قاری صاحب کی امامت میں پڑھی جاتی ہے جو ترتیل کے ساتھ ٹھیر ٹھیر کر قرآن کی تلاوت کر تے ہیں ۔ نماز تراویح کے فوراً بعد درس قرآن کا اہتمام ہوتا ہے ۔ خواتین کے لیے پردے کا اہتمام ہے جہاں وہ با پردہ نماز تراویح ادا کرتی ہیں ۔ باغ ناران ہی میں بک سٹال کا انتظام بھی موجود ہے جہاں اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے دینی کتب رکھی گئی ہیں ۔ تراویح میں ختم قرآن ستائیسویں شب کو ہوگاجس میں اجتماعی دعا کی جائے گی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق مہمان خصوصی ہوں گے ۔