متحدہ عرب امارات بے آب و گیاہ صحرا پر مشتمل ایک ملک ہے جہاں برف پوش پہاڑوں کا تصور ہی محال ہے لیکن آپ کو یہ سن کر حیرت ہو گی کہ اب ایک اماراتی کاروباری شخص نے ایک برف کا پہاڑ کھینچ کر اپنے ملک لیجانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ یورو نیوز کے مطابق اس کاروباری شخص کا نام عبداللہ الشییہی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ اگر وہ سرد سمندری علاقے میں موجود برف کے پہاڑوں میں سے کوئی ایک پہاڑ کھینچ کر متحدہ عرب امارات کے ساحل تک لے جائیں تو اس سے ان کے ملک کو تازہ پینے کا پانی مہیا ہو سکتا ہے، چنانچہ انہوں نے ایسا ایک پہاڑ کھینچ کر متحدہ عرب امارات کے ساحل تک لیجانے کی تیاری شروع کر رکھی ہے۔
عبداللہ الشیہی اور ان کی ٹیم گزشتہ 6سال سے اس تیاری میں لگے ہوئے ہیں۔ وہ برف کا پہاڑ انٹارکٹکا سے کسی طرح کھینچ کر متحدہ عرب امارات لیجانا چاہتے ہیں اور اب ان کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ ان کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ انہیں انٹارکٹکا سے اماراتی ساحل تک برف کے پہاڑ کو لیجانے میں 10ماہ کا وقت لگے گا۔ وہ یہ پہاڑ فجیرہ کے ساحل پر سمندر کے اندر 3کلومیٹر کے فاصلے پر کھڑا کریں گے۔ وہ برف کے پہاڑ کا انتخاب سیٹلائٹ کے ذریعے کریں گے اور ان کی کوشش ہو گی کہ وہ کسی ایسے پہاڑ کا انتخاب کریں جس کا سائز 2کلومیٹر بائی 500میٹر ہو۔اس کام پر 10کروڑ ڈالر (تقریباً15ارب 85کروڑ روپے)سے 15کروڑ ڈالر (تقریباً 23ارب 78کروڑ روپے) لاگت آئے گی۔